عورت کے لئے جذباتی خلا نہایت نقصان دہ ۔۔۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )عورت کے لئے جذباتی خلا نہایت نقصان دہ اور بسا اوقات قاتل ثابت ہوتا ہے۔ عورت کو سب سے زیادہ جس چیز کی طلب ہوتی ہے، وہ محبت اور شفقت ہے۔ وہ شادی اس لئے کرتی ہے کہ اپنے شوہر سے محبت اور قربت محسوس کر سکے، اور یہ چاہتی ہے کہ یہ محبت اسے شوہر کے الفاظ اور رویے میں نظر آئے۔
لیکن افسوس کہ بہت سے مرد یہ سمجھتے ہیں کہ اگر ان کے عمل میں محبت کا اظہار ہو رہا ہے تو الفاظ میں اس کی کوئی ضرورت نہیں۔ یہ ایک غلط فہمی ہے، کیونکہ عورت یہ چاہتی ہے کہ اس کے شوہر کے الفاظ میں محبت کی مٹھاس ہو۔ اس لئے آپ کو بطور شوہر یہ سمجھنا چاہئے کہ آپ کی بیوی محبت بھرے الفاظ اور خوبصورت جملے سننا پسند کرتی ہے۔ اسے گلے لگائیں، چاہے دن میں ایک بار ہی سہی، اور کہیں، “میں تم سے محبت کرتا ہوں”، “تم میری زندگی ہو”، “میری آنکھوں کا نور ہو”۔
یہ چھوٹے چھوٹے الفاظ اور محبت بھرا لمس اس کی روح میں زندگی بھر دیتے ہیں، اسے توانائی سے بھر دیتے ہیں، اور وہ اپنی گھریلو ذمہ داریاں خوشی اور محبت کے ساتھ ادا کرتی ہے۔ میں نے کبھی کسی ایسے شوہر کو نہیں دیکھا جو جذبات میں خشک ہو، اور اس کا گھر ایک بنجر صحراء نہ ہو جہاں روح اور زندگی کا نام و نشان نہ ہو۔