Daily Roshni News

‏ غزل۔۔۔شاعر۔۔۔ حفیظ ہوشیارپور

‏ غزل

شاعر۔۔۔ حفیظ ہوشیارپور

محبت  کرنے  والے  کم  نہ  ہوں گے

تری محفل میں لیکن ہم نہ ہوں گے

میں اکثر سوچتا ہوں پھول کب تک

شریک   گریۂ   شبنم    نہ    ہوں  گے

ذرا   دیر    آشنا   چشم    کرم    ہے

ستم  ہی عشق میں پیہم نہ ہوں گے

دلوں  کی الجھنیں بڑھتی رہیں  گی

اگر  کچھ  مشورے  باہم  نہ ہوں گے

زمانے  بھر  کے  غم  یا  اک  ترا  غم

یہ  غم ہو گا  تو کتنے غم نہ ہوں گے

کہوں  بے  درد  کیوں  اہل جہاں کو

وہ میرے حال سے محرم نہ ہوں گے

ہمارے  دل  میں  سیل  گریہ  ہو گا

اگر   با دیدۂ   پر نم   نہ   ہوں   گے

اگر    تو   اتفاقاً   مل    بھی   جائے

تری فرقت کے صدمے کم نہ ہوں گے

حفیظؔ ان سے میں جتنا بد گماں ہوں

وہ مجھ سے اس قدر برہم نہ ہوں گے

حفیظ ہوشیار پوری

یہ خوبصورت غزل حفیظ ہوشیارپوری کے دل کی گہرائیوں، محبت اور جدائی کے احساسات کی عکاسی کرتی ہے۔

اشعار میں درد، شکوہ اور امید کا حسین امتزاج نظر آتا ہے جو قاری کے دل کو چھو لیتا ہے۔

یہ کلام عشق کی نازک کیفیات اور انسانی جذبات کی سچی ترجمانی کرتا ہے۔

Loading