Daily Roshni News

غزہ: سنگین غذائی قلت کے بعد برستے بارود نے ماحولیاتی بحران پیدا کردیا، مٹی اور پانی زہریلے ہوگئے

غزہ میں امداد کی بندش سے جہاں سنگین غذائی قلت ہے وہیں اب مسلسل گولہ باری اور بارود سے ماحولیاتی بحران نے بھی سر اٹھا لیاہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی بلوم برگ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ غزہ میں جنگ کے باعث ماحولیاتی بحران جنم لے رہا ہے، علاقے میں موجود  آلودہ پانی، زہریلی مٹی اور بیماریاں پھیلانے والا کچراجمع ہوگیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سوک فراس بازار اب 2 لاکھ ٹن کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے، 45 فیصد غزہ شہر خالی، سڑکیں تباہ اور کچرا بے قابو ہو رہا ہے جب کہ 350 سے زائد نئے کچرے کے ڈھیر 60  فیصد خیموں اور 15 فیصدپانی کے قریب ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ غزہ میں پانی کی فراہمی کا واحد ذریعہ آلودگی کے خطرے سے دوچار ہے، 55 ملین ٹن ملبہ، زہریلی دھول اور دھاتی آلودگی مٹی اور پانی میں شامل ہورہی  ہے جب کہ جنگ کے بعد سے 84 ہزار کیوبک میٹر سیوریج روزانہ بحیرہ روم میں جا رہا ہے۔

بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں جنگ سے  پیدا ہونے والی زہریلی باقیات نسلوں تک اثر انداز ہوں گی کیونکہ  غزہ کی 95 فیصدزرعی زمین ناقابل استعمال ہوچکی ہے جس کے سبب خوراک کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ماحولیاتی تباہی غزہ کی سرحدوں سے باہر  بھی اثرات مرتب کرے گی۔

Loading