Daily Roshni News

غزہ: نصائرت کیمپ سمیت مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملے، شہدا کی تعداد 21 ہزار 507 ہوگئی

غزہ میں نصائرت کیمپ، خان یونس اور رفح سمیت دیگر علاقوں پر اسرائیلی حملوں سے مزید کئی فلسطینی شہید اور زخمی ہو گئے، شہدا کی مجموعی تعداد 21 ہزار 507 سے تجاوز کر گئی جبکہ 55 ہزار 915 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی افواج کی جانب سے طے شدہ راستے پر سفر کے باوجود اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کے امدادی قافلے پر بھی فائرنگ کی گئی۔

اقوام متحدہ کے ایڈ چیف مارٹن گریفتھس نے امدادی قافلے پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے امدادی رضاکاروں پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

بین الاقوامی تنظیم ہلال احمر کی جانب سے خان یونس کے علاقے میں رہائشی عمارت پر حملے کے بعد زخمی بچوں کو طبی امداد کیلئے ایمبولینسوں میں منتقل کرنے کی ویڈیو شیئر کر دی۔

ادھر جنوبی افریقا نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) سے رجوع کرلیا ہے۔

عالمی عدالت انصاف نے ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ جنوبی افریقا نے اسرائیل کے خلاف اقوام متحدہ کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی اقدامات نسل کشی ہیں، اسرائیلی فوج غزہ میں فلسطینیوں کو جان بوجھ کر قتل کر رہی ہے اور غزہ کے بڑے حصے کو تباہ کردیا گیا ہے، اسرائیل کی جانب سے طاقت کے اندھا دھند استعمال کا مقصد فلسطینیوں کو زبردستی بے دخل کرنا ہے، اسرائیل کا یہ عمل نسل کشی کنوشن کی خلاف ورزی ہے۔

فلسطینی وزارت خارجہ نے جنوبی افریقا کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت سے رجوع کرنے کے عمل کا خیرمقدم کرتے ہوئے عالمی عدالت انصاف سے فلسطینی عوام کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں اسرائیلی سفارت کار نے جنوبی لبنان سے اسرائیل پر مزید حملوں کی صورت میں حزب اللہ کے خلاف مکمل جنگ شروع کرنے کی بھی دھمکی دیدی ہے۔

اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں میں فلسطینی سفیر نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کو دو ہی آپشن دیے ہیں یا وہ موت قبول کریں یا پھر دربدری کا شکار ہو جائیں۔

ادھر مغربی کنارے پر اسرائیلی فوج نے اپنی چھاپا مار کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے درجنوں بے گناہ فلسطینیوں کو گرفتارکرلیا۔

اسرائیل کے دمشق پر حملے میں 11 ایرانی فوجی جاں بحق ہونے کا دعوی،ایرانی اہلکاردمشق ایر پورٹ پر وفد کے استقبال کیلئے موجود تھے۔

Loading