Daily Roshni News

غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں کے 2 سال مکمل، قابض فوج نے آج بھی 24 فلسطینی شہید کردیے

غزہ پر  جاری اسرائیلی حملوں کے دو  سال مکمل ہوگئے۔ 7  اکتوبر  2023 کو حماس کی قیادت میں فلسطینی مجاہدین نے غزہ کی پٹی سے اسرائیل کے خلاف بڑے پیمانے پر طوفان الاقصیٰ کے نام سے حملوں کا آغاز کیا۔

فلسطینی مجاہدین  اسرائیلی رکاوٹوں  کو توڑتے ہوئے غزہ  سرحدی گزرگاہوں کے ذریعے قریبی اسرائیلی بستیوں میں داخل ہوئے۔

مجاہدین نے 251  افراد کو  یرغمالی بنا یا  جس کے بعد اسرائیل نے غزہ پر  ایک نئی جنگ نافذ کردی، ساتھ ہی 3 لاکھ 60 ہزار  ریزرو فوجیوں کو غزہ بلایا، تب سے غزہ پر  وحشیانہ کارروائیوں کا شروع ہونے والا نیا سلسلہ آج تک جاری ہے۔

اسرائیل نے امریکی صدر  کا غزہ پر حملے روکنے سے متعلق حالیہ مطالبہ بھی نظر انداز کردیا، صیہونی فوج  نے وحشیانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، قابض فوج نے آج بھی غزہ میں 24 فلسطینی شہید کردیے۔

  2 سال سے جاری اسرائیلی حملوں میں خواتین اور  بچوں سمیت 67 ہزار  سے زائد فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ 70 ہزار کے قریب زخمی ہوچکے ہیں۔

 اسرائیلی ناکہ بندی سے 20 لاکھ افراد فاقہ کشی پر مجبور ہیں، اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں غزہ کھنڈر بن چکا ہے۔

اسپتال، مساجد ، گر جا گھر،  اسکول کالجز، تعلیمی ادارے کچھ سلامت نہ رہا۔ سویلین انفرا اسٹرکچر  کی تباہی سے لاکھوں شہری بے گھر ہو چکے ہیں ۔

Loading