Daily Roshni News

غزہ کے مکین شدید موسمی سختیوں کی زد میں، ٹھنڈ سے ایک اور نومولود جان گنوا بیٹھا

غزہ کے مکین شدید موسمی سختیوں کی زد میں، ٹھنڈ سے ایک اور نومولود جان گنوا بیٹھا

انٹرنیشنل (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری کے باعث گھروں سے محروم ہونے والے فلسطینیوں کو موسم کی شدید سختیوں کا سامنا ہے۔

وزارت صحت کے مطابق غزہ میں ناقابل برداشت شدید ٹھنڈ سے ایک اور نو مولود جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔  وزارت صحت نے خبردار کیا کہ  رہائش، ایندھن اور حفاظتی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث بچوں اور بزرگوں کی زندگیاں شدید خطرے میں ہیں۔

غزہ میں موسم سرما کی بارش، ناقابلِ برداشت ٹھنڈ سے 8 ماہ کی بچی جان کی بازی ہار گئی

اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف نے بھی غزہ میں بچوں کی بگڑتی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ فلسطین میں یونیسف کے کمیونیکیشن چیف جوناتھن کرکس نے الجزیرہ سے گفتگو میں کہا کہ غزہ میں بچوں کے رہائشی حالات انتہائی خوفناک ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بچے ایسے خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں جو بارش کے پانی سے بھر چکے ہیں، کمبل بھیگ چکے ہیں اور بچوں کے پاس کپڑوں کے صرف ایک یا دو جوڑے ہیں، جس کے باعث انہیں خشک رکھنا تقریباً ناممکن ہو گیا ہے۔ انہوں نے بیماریوں کے پھیلاؤ کے خطرے سے بھی خبردار کردیا۔

دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ غزہ میں حالیہ طوفانوں کے باعث ہونے والی اموات کو محض خراب موسم کا نتیجہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ تنظیم کے مطابق یہ اموات اسرائیل کی جانب سے پناہ اور مرمت کے سامان کی فراہمی روکنے کا نتیجہ ہیں۔

ادھر غزہ کے شاتی پناہ گزین کیمپ میں شدید سرد موسم اور طوفان کے باعث اسرائیلی فوج کی بمباری سے متاثرہ گھر کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 6 افراد ملبے تلے دب گئے تاہم ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو ریسکیو کرلیا۔

Loading