عمران خان کو نا حق قید میں دو سال مکمل ہونے پر تحریک انصاف فرانس کی جانب سے پیرس میں احتجاجی مظاہرہ۔
فرانس ( ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔۔رپورٹ ۔۔۔۔ نمائندہ خصوصی۔۔۔۔ منیر احمد ملک ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نا حق قید میں دو سال مکمل ہونے پر تحریک انصاف فرانس کی جانب سے دارالحکومت پیرس میں ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ یہ احتجاج پیرس کے مرکزی مقام ریپبلک اسکوائر پر منعقد ہوا، جس میں پی ٹی آئی فرانس کے کارکنوں، نظریاتی ورکرز، خواتین اور نوجوانوں سمیت عمران خان سے عقیدت رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز، پارٹی پرچم اور عمران خان کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں، جن پر حکومتِ پاکستان، ریاستی اداروں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ مقررین نے اپنے خطابات میں پاکستان میں جاری فسطائیت، سیاسی انتقام، میڈیا پر پابندیوں اور تحریک انصاف کے رہنماؤں و کارکنان کی بلاجواز گرفتاریوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے عالمی برادری، بالخصوص فرانس اور یورپی یونین کے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لیں اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ مظاہرین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد رکھتے ہیں اور جمہوریت، انصاف اور آئین کی بالادستی کی جدوجہد میں ہر سطح پر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ تحریک انصاف فرانس کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ایسے احتجاجی مظاہرے یورپ کے دیگر شہروں میں بھی جاری رہیں گے تاکہ عالمی سطح پر پاکستان میں موجودہ سیاسی صورتحال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا جا سکے۔