فرانس – پاکستانی نژاد نوجوانوں کی میونسپل انتخابات میں بھرپور شرکت
پیرس ،فرانس (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ رپورٹ۔۔۔ منیر احمد ملک)فرانس میں ہونے والے آئندہ میونسپل انتخابات میں اس مرتبہ پاکستانی نژاد نوجوانوں کی نمایاں تعداد مختلف سیاسی جماعتوں کے پلیٹ فارم سے انتخابی میدان میں موجود ہے۔ اس پیش رفت کو فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک مثبت اور حوصلہ افزا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
فرانس کے مختلف شہروں میں یہ امیدوار مقامی سیاست میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے میدان میں آئے ہیں۔ سٹراس برگ، جو یورپی سیاست کا ایک اہم شہر ہے اور جہاں یورپین پارلیمنٹ سمیت کئی بڑے ادارے موجود ہیں، وہاں سے نوجوان فہد راجہ محمد انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ پیرس کے قریبی شہروں میں شائستہ راجہ، علی محمد، مبشر کھوکھر، سبط مزمل، اسد اقبال، قاضی ہارون، چوہدری محمد نعیم-چوہدری افضل اور ذیشان بٹ بھی سیاسی میدان میں سرگرم ہیں۔ اسی طرح کرائی شہر سے عمر یعقوب مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں جبکہ نوجوان امیدواروں میں جواد سکندر، احمد اصغر خان اور زین آصف شامل ہیں۔ اشرف عارف، عروج احسن اور صفحان خان بھی مقامی سیاست میں سرگرم ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ امیدوار نئی نسل کی نمائندگی کرتے ہیں جو تعلیم، سماجی خدمات اور کمیونٹی ورک کے ذریعے معاشرے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کا مقصد مقامی مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ پاکستانی نژاد شہریوں کی بہتر نمائندگی کو یقینی بنانا ہے۔
فرانس میں پاکستانی کمیونٹی ان امیدواروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور امید ظاہر کر رہی ہے کہ یہ نوجوان کامیابی حاصل کر کے اپنی کمیونٹی اور شہروں کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
رپورٹ منیر احمد ملک پیرس فرانس
![]()

