پیرس۔ فرانس(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ رپورٹ۔۔۔ منیر احمد ملک )فرانس کے مشہور میوزیم میں ایک اور بڑا اسکینڈل سامنے آ گیا ہے۔ زیورات کی بڑی چوری کے واقعے کے صرف چار ماہ بعد، اب میوزیم کی ٹکٹنگ میں دس ملین یورو سے زائد کی مبینہ فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔
فرانسیسی پراسیکیوٹر کے مطابق، اس کیس میں نو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں میوزیم کے دو ملازمین اور کئی ٹور گائیڈز شامل ہیں۔ گرفتاریاں 10 فروری کو عمل میں آئیں۔
تحقیقات کے مطابق، یہ نیٹ ورک ایک ہی ٹکٹ کو بار بار استعمال کر کے سیاحوں کے گروپس کو اندر داخل کرواتا رہا۔ یہ غیر قانونی سرگرمی مبینہ طور پر تقریباً دس سال تک جاری رہی، اور روزانہ بیس تک گروپس کو اسی طریقے سے اندر لے جایا جاتا تھا۔
تحقیقاتی اداروں کا کہنا ہے کہ اندرونی سہولت کار بھی اس میں شامل تھے، جو نقد رقم کے بدلے یہ کام آسان بناتے رہے۔ حکام نے اس کیس میں اب تک تقریباً پندرہ لاکھ یورو ضبط کر لیے ہیں۔
عدالت نے اس معاملے میں دھوکہ دہی، منی لانڈرنگ اور سرکاری بدعنوانی کے الزامات کے تحت باقاعدہ عدالتی کارروائی شروع کر دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ایک اور مشہور تاریخی مقام بھی اس مالی نقصان سے متاثر ہو سکتا ہے۔
رپورٹ منیر احمد ملک پیرس فرانس
![]()

