Daily Roshni News

فلسطینیوں کی اکثریت ریاست کے حصول کیلئے مسلح جدوجہد کی حامی، سروے

ایک حالیہ سروے کے مطابق فسلطینیوں میں مسلح جدوجہد کی حمایت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق پیلیسٹینیئن سینٹر فار پالیسی اینڈ سروے ریسرچ (پی ایس آر) کی جانب سے کروائے گئے حالیہ سروے کے مطابق  فلسطینیوں میں اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور فلسطینی ریاست کے حصول کے لیے مسلح جدوجہد کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے۔

مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں کیے جانے والے سروے میں 54 فیصد افراد نے مسلح جدوجہد کی حمایت کی، یہ شرح گزشتہ سروے کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہے۔

سروے کے مطابق فلسطینیوں میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی مقبولیت 6 فیصد اضافے کے ساتھ 40 فیصد جبکہ صدر محمود عباس کی جماعت فتح کی مقبولیت 20 فیصد ہے۔

خیال رہے کہ یہ سروے غزہ میں اسرائیلی جارحیت شروع ہونے کے 8 ماہ بعد  کیا گیا ہے۔ 

پی ایس آر کے سروے ریسرچ یونٹ کے سربراہ وليد لدادوہ کے مطابق حماس اور مسلح جدوجہد کی حمایت میں اگرچہ گزشتہ سرویز کے مقابلے بہت زیادہ اضافہ نہیں ہوا لیکن یہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کا ردعمل ہے۔ 

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ سروے محمود عباس کی زیر قیادت فلسطینی اتھارٹی پر عدم اطمینان کا اظہار ہے جو طویل عرصے سے دو ریاستی حل کے لیے بات چیت کر رہی ہے اور مسلح جدوجہد کو مسترد کرتی ہے۔

Loading