Daily Roshni News

*لزبن میں سال نو 2026 کا شاندار استقبال* ۔۔۔*تحریر: انصر اقبال بسراء (لزبن، پرتگال)*

*لزبن میں سال نو 2026 کا شاندار استقبال*

*تحریر: انصر اقبال بسراء (لزبن، پرتگال)*

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ لزبن میں سال نو 2026 کا شاندار استقبال۔۔۔تحریر: انصر اقبال بسراء (لزبن، پرتگال))پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں نئے سال 2026 کا استقبال ایک بھرپور اور رنگا رنگ تقریب کے ساتھ کیا گیا، جہاں عوام الناس اور سیاحوں کی ایک بڑی تعداد نے تاریخی *کامرس اسکوائر (Praça do Comércio)* میں اکٹھے ہو کر سالِ نو کو خوش آمدید کہا۔

ہر سال کی طرح اس بار بھی لزبن کی فضا جشن، موسیقی اور روشنیوں سے جگمگاتی رہی۔ جیسے ہی گھڑی نے رات کے بارہ بجائے، آسمان پر آتشبازی کا دلکش مظاہرہ شروع ہوا، جس نے لمحوں میں فضا کو رنگ و نور سے بھر دیا۔ بچوں، خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں کی خوشی دیدنی تھی۔ لوگ ایک دوسرے کو گلے لگا کر نئے سال کی مبارکباد دے رہے تھے، دعائیں مانگ رہے تھے اور آنے والے وقت کے لیے امیدوں کے چراغ روشن کر رہے تھے۔

لزبن کا یہ تاریخی چوک پرتگال کی ثقافتی پہچان کا ایک خوبصورت استعارہ ہے، اور سال نو کے جشن کے موقع پر یہاں ہر رنگ، ہر نسل اور ہر زبان کے لوگ اکٹھے ہو کر ایک عالمی یکجہتی کا منظر پیش کرتے ہیں۔ لائیو کنسرٹس، روایتی موسیقی، اسٹریٹ فوڈ، اور بچوں کے لیے خصوصی تفریحی انتظامات نے اس رات کو یادگار بنا دیا۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ پرتگال یورپ کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں سب سے آخر میں نئے سال کا آغاز ہوتا ہے، مگر اس تاخیر کو جشن کی شدت سے پورا کیا جاتا ہے۔ لزبن میں منائے جانے والا سالِ نو کا جشن نہ صرف مقامی افراد بلکہ دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے بھی خاص کشش رکھتا ہے۔

اس موقع پر مختلف مقامات پر پولیس، میونسپلٹی اور ریسکیو سروسز نے بہترین انتظامات کیے تھے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہو۔ لوگوں نے نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا اور پورا جشن پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔

سال 2026 کا آغاز لزبن میں خوشی، اتحاد، امن اور محبت کے پیغام کے ساتھ ہوا۔ دعا ہے کہ یہ نیا سال پوری دنیا کے لیے خوشیاں، کامیابیاں، اور سلامتی لے کر آئے۔

Loading