Daily Roshni News

ماہ ربیع الاول 2023 ہالینڈ بھر کی مساجد اور اسلامی مراکز میں آمد رسول ﷺ کے سلسلے  میں محافل میلاد کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

ماہ ربیع الاول 2023

ہالینڈ بھر کی مساجد اور اسلامی مراکز میں آمد رسول ﷺ کے

سلسلے  میں محافل میلاد کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

تحریر۔۔۔۔۔۔۔۔محمد جاوید عظیمی

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ماہ ربیع الاول2023۔۔۔تحریر۔۔۔محمد جاوید عظیمی) اسلامی مہینے ماہ ربیع الاول کے نور سے معمور دنوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ یہ وہی مقدس اور بابرکت مہینہ ہے جس کی بارہ تاریخ کو رب کائنات نے ہم مومنوں پر احسان عظیم کرکے اپنا محبوب مکرم ﷺ عطا کر دیا یہ وہی رسول محتشمﷺہیں،جنھیں  اللہ تعالیٰ نے سید المرسلین ، خاتم النبین اور رحمت اللعالمین بنا کر اس دنیا میں بھیجا  یہ وہ رسول ہیں جن کا امتی بننے کے لئے انبیام کرام نے اللہ کے حضور مناجات پیش کیں ہماری خوشی قسمتی  ہے کہ ہم خاتم الانبیاء کے امتی ہیں۔

دنیا  میں جہاں بھی آپﷺ کے عشاق موجود ہیں آپ ﷺ کی تشریف آواری پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے لئے محافل  میلاد  کا تزک و احتشام سے انعقاد کرتے ہیں۔ ہالینڈ بھر میں والہانہ عقیدت و محبت کا بھرپور اظہار کرنے کے لئے مساجد ، اسلامی مراکز اور انفرادی طور پر گھروں میں بھی محافل میلاد  کے انعقاد کے سلسلے میں تیاریاں  عروج پر ہیں ۔ جامع مسجد غوثیہ ایمسٹرڈیم ،پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سینٹر دی ہیگ اور منہاج القرآن انٹرنیشنل دی ہیگ نے بارہ روزہ محافل میلاد کا اہتمام کیا ہے۔ متذکرہ مساجد اور مراکز میں یکم ربیع الاول پندرہ ستمبر سے بارہ ربیع  الاول ستاتیس ستمبر تک روزانہ کی بنیاد پر محافل کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ نبی رحمت ﷺ کی ولادت پاک کی خوشی میں حاضرین کی تواضع لنگر ِمحمدی سے کرنے کے لئے باقاعدہ انتظام و انصرام وسیع پیمانے پر ہر روز کیا جائے گا۔ ان بابرکت ، نورانی اور روحانی محافل میں عشاقان ِ رسول کو شرکت کے لئے منتظمین کی جانب سے دعوت خاص ہے ذوق وشوق سے شرکت کرکے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کریں۔ ہالینڈ میں کئی مساجد اور اسلامی مراکز اور ادارے بارہ ربیع الاول کے دن جلوس بھی نکالتے ہیں  جو حکومت سے منظور شدہ راستوں سے  گزرتے ہیں اور یہ پیغام دیتے ہیں کہ آج ہمارے رسول محتشمﷺکا یوم ولادت ہے تما م عالمین کے لئے رحمت بن کر تشریف لائےہیں۔ متذکرہ جلوس کے منتظمین غیر مذاہب کے خواتین و حضرات کو پھول بھی پیش کرتے ہیں، اس عمل سے ظاہر  کیا جاتا ہے کہ ہم پرامن لوگ ہیں اور اپنے رسول محتشم ﷺ سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔ جلوس کے اختتام پر شرکائے جلوس کے اعزاز میں لنگر ِمحمد ی تقسیم کیا جاتا ہے۔ اس سال2023کے ربیع الاول میں  بھی متذکرہ تمام سرگرمیاں سر انجام دینے کے لئے تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں، جس کے باعث مساجد اور اسلامی مراکز میں رونقوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اللہ تعالیٰ کے احکامات اور نبی رحمت  ﷺ کی تعلیمات پر صدقے دل سے عمل پیرا ہونے کی توفیق  جمیل عطا فرمائیں۔ آمین ثمہ آمین۔

Loading