محبوب عظیمی کا جاوید عظیمی کے اعزاز میں عشائیہ
قریبی ساتھیوں کی شرکت، جاوید عظیمی نے معروف شعراء
کے اشعار پیش کئے، شرکاء بے حد محظو ظ ہوئے۔۔۔۔
کراچی (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔نمائندہ خصوصی) علمی ، ادبی ، روحانی سلسلہ عظیمیہ کے نیٹ ورک مراقبہ ہال ہالینڈ کے نگران اور معروف آن لائن اردو اخبار ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل کے بانی اور چیف ایڈیٹر محمد جاوید عظیمی آج کل پاکستان کے نجی دورے پر ہیں۔ گزشتہ دنوں بروز بدھ 10جنوری2024کو مذکورہ سلسلے کے متحرک رکن اور اپنے ساتھیوں میں اعلیٰ اوصاف کے حامل بااخلاق ملنسار سب کے محبوب دوست محبوب عظیمی نے اپنی رہائش گاہ پر جاوید عظیمی کے اعزاز میں پر تکلف عشائیے کا انتظام و انصرام کیا۔ جاوید عظیمی اپنی اہلیہ انجم عظیمی کزن ناصر جاوید اور بیگم رضوانہ ناصر کے ہمراہ محبوب عظیمی کی رہائش گاہ پہنچے تو انھوں نے تمام مہمانوں کا اپنے اہل خانہ کے ساتھ پرتپاک استقبال کیا۔ میزبان اول نے اپنے قریبی ساتھیوں کا جاوید عظیمی سے تعارف کروایا
جاوید عظیمی نے سلسلہ عظیمیہ سے وابستہ بہنوں اور بھائیوں سے مل کر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حق میں دعائیہ کلمات بھی ادا کئے میزبان اول محبو ب عظیمی نے جاوید عظیمی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے اپنی رہائش گاہ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے اظہار تشکر بھی کیا۔ پہلے سے موجود دلاور عظیمی ، کامران خٹک عظیمی ، نعمان ریاض عظیمی، عبدالواحید عظیمی ، صید الدین عظیمی، وقار احمد خان، سعید احمد خان،محمود احمد خان، یاسین خان، سیماتسنیم عظیمی، بیگم امبر محبوب عظیمی اور والدہ محبوب عظیمی نے مہمانوں سے مل کر خوشی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں میزبان اول نے لذت کام ودہن کے سلسلے میں لذیذ عمدہ ڈنر سے مہمانوں کی تواضع کی۔ کھانا تناول کرنے بعد دلاور عظیمی نے جاوید عظیمی سے شعر و ادب پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے اشعار سنانے کی التماس کی، جاوید عظیمی نے عالم تاب تشنہ ، قتیل شفائی اور دیگر شعراء کے اشعار اپنے مخصوص انداز مین پیش کئے جس سے شرکاء بے حد محظوظ ہوئے۔
اس پر وقار تقریب میں شریک تمام معزز ساتھیوں نے علمی گفتگو کا تبادلہ بھی کیا۔ جاوید عظیمی کے کزن ناصر جاوید متذکرہ تقریب میں شریک ہو کر بے حد خوش ہو ئے اور تمام شرکاء کے علمی فہم کو بے حد سراہا۔ پروگرام کے اختتام پر جاوید عظیمی نے محبوب عظیمی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ کے توسط سے سلسلہ عظیمیہ سے وابستہ وسیع القلب اور علم سے معمور معزز ساتھیوں سے ملاقات کرنے کا شرف حا صل ہوا۔ جواباً محبوب عظیمی نے جاوید عظیمی کا ان کی آمد پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور دعائیہ کلمات ادا کئے۔