Daily Roshni News

مستفیض کے معاملے پر ہمارے جذبات مجروح ہوئے، ہمیں بھارت کو جواب دینا ہی تھا: بنگلادیشی مشیر اطلاعات

ڈھاکا: بنگلا دیش کی انفارمیشن اینڈ براڈکاسٹنگ کی مشیر رضوانہ حسن نے کہا ہے کہ فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کے معاملے پر بنگلا دیش کے جذبات مجروح ہوئے ، ہمیں بھارت کو مناسب جواب دینا ہی تھا۔ 

 بنگلا دیش کی انفارمیشن اینڈ براڈکاسٹنگ کی مشیر رضوانہ حسن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بنگلا دیش مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالنے کی وجوہات کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب ملکوں میں سیاسی کشیدگی جنم لیتی ہے تو کھیل اور ثقافتی تبادلے کشیدگی کو کم کرتے ہیں لیکن بھارت نے اس کے الٹ کیا۔

رضوانہ حسن کا کہنا تھا کہ مستفیض الرحمان کے معاملے پر بنگلا دیش کے جذبات مجروح ہوئے ، ہمیں بھارت کو مناسب جواب دینا ہی تھا۔

 رضوانہ حسن کے بیان پر مختصر ترین تبصرے میں بھارتی دانشور اور سیاستدان ششی تھرور نے کہا کہ ” وہ بالکل درست بات کر رہی ہیں”۔

واضح رہے کہ بنگلادیش کے فاسٹ بولر مستقیض الرحمان کو ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے بعد آئی پی ایل ٹیم کے کے آر سے ریلیز کر دیا گیا ہے۔

اس معاملے پر بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ہنگامی اجلاس بلاتے ہوئے اپنی حکومت کو تجویز پیش کی کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ٹیم کو نہ بھیجا جائے۔

بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی درخواست پر مشیر کھیل بنگلادیش نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ کھلاڑیوں کی سکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے، ہماری ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی۔

بعد ازاں بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس حوالے سے آئی سی سی کو باقاعدہ درخواست بھی دی گئی کہ ہمارے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچز بھارت سے سری لنکا منتقل کیے جائیں۔

اب تازہ ترین پیشرفت میں بنگلادیش کی حکومت نے انڈین پریمیئر لیگ کی اپنے ملک میں ٹیلی کاسٹ پر پابندی لگا دی ہے۔

Loading