-
امریکی حملے سے ایران کا جوہری فیول سائیکل متاثر نہیں ہوا: ڈپٹی چیئرمین روسی سکیورٹی کونسل
ویب ڈیسک
فائل فوٹو۔ ماسکو: روس کی سکیورٹی کونسل کے ڈپٹی چیئرمین دمتری میدیدوف نے کہا ہے کہ امریکی حملے سے ایران کا جوہری فیول سائیکل متاثر نہیں ہوا۔
ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے پر بیان جاری کرتے ہوئے روس کی سکیورٹی کونسل کے ڈپٹی چیئرمین نے کہا حملے سے ایران کا جوہری فیول سائیکل متاثر نہیں ہوا البتہ کچھ معمولی نقصانات ہوئے ہیں۔
میدیدوف نے کہا کہ امریکی حملے کے بعد بھی ایران میں یورینیئم کی افزودگی کا عمل جاری رہے گا بلکہ اس وقت بہت سارے ملک ایران کو براہ راست اپنے جوہری وارہیڈز دینے کے لیے تیار ہیں۔
روسی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ایران کا نظام حکومت نہ صرف محفوظ رہا ہے بلکہ پہلے سے زیادہ طاقتور ہوچکا، جو لوگ پہلے سپریم لیڈر کے مخالف تھے آج وہ بھی ان کی حمایت میں ریلیاں کررہے ہیں۔
ڈپٹی چیئرمین سکیورٹی کونسل نے مزید کہا کہ اسرائیل اب بھی حملوں کی زد میں ہے اور اسرائیلی شہر دھماکوں سے لرز رہے ہیں جب کہ وہاں لوگ خوف اور بدحواسی کا شکار ہیں۔
میدیدوف کا کہنا تھا کہ امریکا ایک نئی جنگ میں گھسیٹا جاچکا،اور اب زمینی جنگ کا خطرہ منڈلارہا ہے، ٹرمپ جسے پریزیڈنٹ آف پیس کہا گیا اب امریکا کو ایک نئی جنگ میں دھکیل چکے، ٹرمپ اب دھاندلی زدہ نوبل امن انعام کو بھی بھول جائیں۔
-
Monday Jun 23 2025 | 02:27 PM
اسرائیل پر آج کیے گئے حملوں میں خیبر شکن، عماد اور فتاح ون میزائل استعمال کیےگئے، ایرانی میڈیا
ویب ڈیسک
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر کیے گئے آج کے حملوں میں خیبرشکن،عماد،قدر، فتاح ون میزائل استعمال کیےگئے۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آج اسرائیل پر کیےگئےحملوں میں حکمت عملی تبدیل کی گئی اور تل ابیب، حیفا سمیت شمال سے جنوب تک ڈرونز اور میزائلوں سےاہداف کونشانہ بنایا
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے تقریبا15میزائل داغےگئے۔
-
Monday Jun 23 2025 | 01:14 PM
مسٹرٹرمپ، آپ یہ جنگ شروع کر سکتے ہیں لیکن ختم ہم کریں گے: ترجمان ایرانی سینٹرل کمانڈ
ویب ڈیسک
ایرانی فوجی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان نے کہا کہ امریکا کے خلاف سنگین نتائج رکھنے والے طاقتور آپریشنز متوقع ہیں، تناز ع میں امریکا کے داخل ہونے سے جائز اہداف کا دائرہ وسیع ہوگیاہے۔
ترجمان سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسٹرٹرمپ، آپ یہ جنگ شروع کر سکتے ہیں لیکن ختم ہم کریں گے۔
-
Monday Jun 23 2025 | 01:12 PM
امریکا کو جنگ کے نتائج کی ذمہ داری تسلیم کرناہوگی: ایران
ویب ڈیسک
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا کو جنگ کے نتائج کی ذمہ داری تسلیم کرناہوگی، کسی کو نہیں معلوم مستقبل میں کیا ہوگا لیکن ایک بات طے ہے کہ اس جنگ کے نتائج کی ذمہ داری امریکا اور صہیونی حکومت پر عائد ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدرکےحالیہ بیانات اور مزیدحملوں کی دھمکیاں عالمی سطح پر غنڈہ گردی ہیں، اپنےدفاع کےحق کا استعمال کریں گے۔
-
Monday Jun 23 2025 | 12:53 PM
ایران کا اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ، تل ابیب اور جنوبی اسرائیل میں سائرن بجنے لگے
ویب ڈیسک
عرب میڈیا کے مطابق کچھ دیر قبل ایران نے اسرائیل کی جانب میزائل فائر کیے ہیں اور ان حملوں میں تل ابیب اور جنوبی اسرائیل کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اس حوالے سے اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی بیلسٹک میزائل حملوں کے بعد پورے اسرائیل میں سائرن بج رہے ہیں جب کہ جنوبی اسرائیلی شہر اشدود میں میزائل گرنے کی اطلاع بھی ہے۔
-
Monday Jun 23 2025 | 11:51 AM
اسرائیل کا ایرانی میزائل لانچنگ سائٹس پر فضائی حملہ
ویب ڈیسک
فائل فوٹو۔ اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ فضائیہ کے 15 سے زائد لڑاکا طیاروں نے انٹیلی جنس اطلاعات پر ایران کے کرمانشاہ علاقے میں متعدد میزائل لانچنگ سائٹس اور اسٹوریج سائٹس کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ اطلاعات تھیں کہ یہ مقامات اسرائیل پر حملوں کے لیے بنائے گئے تھے۔
آئی ڈی ایف کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی فضائی برتری اور قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ایران کی فوجی صلاحیتوں کو کم کرنے کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
-
Monday Jun 23 2025 | 11:26 AM
پاسداران انقلاب کے 10 اہلکاروں کی شہادت کی اطلاعات
ویب ڈیسک
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہےکہ مغربی، مشرقی اور وسطی ایران میں 6 ہوائی اڈوں پر حملہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا کا کہنا ہےکہ صوبے یزد میں کل اسرائیلی حملے میں پاسداران انقلاب کے 10اہلکاروں کی شہادت کی اطلاعات ہیں۔
-
Monday Jun 23 2025 | 11:24 AM
ایران نے اسرائیلی ڈورن مار گرایا
ویب ڈیسک
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے خرم آباد میں پیر کی صبح اسرائیلی ہرمس ڈرون مارگرایا، ایرانی فضائی دفاعی نظام نے شناخت کرکے اسرائیلی ڈرون کو فضا میں نشانہ بنایا۔
ایرانی میڈیا نے ہرمس ڈرون مارگرانے اور ملبےکی ویڈیو بھی جاری کردی۔
-
Monday Jun 23 2025 | 11:07 AM
امریکی حملوں کے باوجود ایران کی ایٹم بم بنانیکی صلاحیت ختم نہیں ہوئی: عالمی تجزیہ کار
ویب ڈیسک
امریکی نے گزشتہ روز ایران کی3 بڑی ایٹمی تنصیبات پر 125 جنگی طیاروں، بحری جہازوں اور آبدوزوں نے حملہ کیا، تاریخ میں پہلی بار B-2 بمبار طیارے اتنی بڑی تعداد میں استعمال ہوئے، جنہوں نے نطنز اور فردو کے جوہری پلانٹس پر 14 عدد GBU-57 “بنکر بسٹر” بم گرائے۔
امریکی حملوں کا مقصد زیر زمین ایران کی ایٹمی تنصیبات کو ناکارہ بنانا تھا تاکہ ایران یورینیئم کو اس سطح تک افزودہ نہ کر سکے جسے جوہری ہتھیار میں استعمال کیا جاسکے۔
تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ صرف تنصیبات کو نقصان پہنچانے سے ایران کی جوہری بم بنانے کی صلاحیت ختم نہیں ہوگی، ایران کے انتہائی معیاری یورینیئم افزودگی کے نظام، دیگر بارودی سسٹم اور پیچیدہ ٹیکنالوجی کے خاتمے کے بغیر یہ سب خواب و خیال ہی رہے گا۔
ماہرین نے کہا کہ امریکا کے مبینہ تباہ کُن حملوں کے حقیقی اثرات کا اندازہ لگانے کے لیے ابھی مزید وقت درکار ہے۔
-
Monday Jun 23 2025 | 10:59 AM
مقاصد پورے ہونے پر ایران میں مہم ختم ہو جائے گی: اسرائیلی وزیراعظم
ویب ڈیسک
فائل فوٹو۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل ایران کے جوہری پروگرام اور بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کرنے کے اپنے مقاصد کے حصول کے قریب ہے، مقاصد پورے ہونے پر ایران میں مہم ختم ہو جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ حملوں کے دوران ایران کے فردو جوہری پلانٹ کو بری طرح نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ اتوار کی علی الصبح امریکا نے ایران کی فردو، نطنز اور اصفہان جوہری سائٹس کو نشانہ بنایا جس سے متعلق ٹرمپ نے سوشل میڈیا سائٹ ٹرتھ سوشل پر بیان جاری کیا۔
دوسری جانب ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی حملے سے قبل ہی جوہری تنصیات کو خالی کرالیا گیا تھا۔