ملتان: تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ کے تیسرے روز پاکستان کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور گرین کیپس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 33 رنز بنا لیے ہیں۔
ملتان کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 239 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے کیا لیکن 248 رنز پر ساجد خان نے برینڈن کیرس کو 4 رنز پر پویلین لوٹا دیا اور اننگز میں اپنا پانچواں شکار کیا جبکہ اگلے آنے والے کھلاڑی میتھیو پوٹس کو بھی ساجد خان نے بولڈ کیا، انہوں نے 6 رنز اسکور کیے۔
جیمی اسمتھ 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جیک لیچ 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 3 وکٹیں نعمان علی کے حصے میں آئیں۔
پاکستان کی دوسری اننگز
پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا اور 9 کے مجموعے پر عبد اللہ شفیق صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ کپتان شان مسعود بھی 11 رن کے مہمان ثابت ہوئے، دونوں کھلاڑیوں کو ثاقب بشیر نے آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کامران غلام کی سنچری کی بدولت 366 رنز اسکور کیے تھے جبکہ انگلینڈ نے کھیل کے دوسرے روز 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے تھے۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی، مہمان ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔