ملتان ٹیسٹ میں پاکستان کی پہلی اننگز میں انگلینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے اور گرین کیپس نے ایک وکٹ کے نقصان پر 123 رنز بنا لیے ہیں۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا لیکن صائم ایوب 8 کے مجموعے پر صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، صائم ایوب کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد عبد اللہ شفیق اور شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ففٹیز مکمل کیں۔
قبل ازیں شان مسعود کا کہنا تھا ہمارے پاس ٹیم میں دو اسپنرز اور 3 فاسٹ بولر ہیں، ہم چیزوں کو تبدیل کر کے ٹریک پر واپس آنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب انگلش کپتان اولی پاپ کا کہنا تھا ہم ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
کپتان شان مسعود، سعود شکیل، بابر اعظم، صائم ایوب اور عبداللّٰہ شفیق ٹیم میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، سلمان علی آغا اور عامر جمال بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔ شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد بھی ٹیم میں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ ملتان میں کھیلے جائیں گے۔