Daily Roshni News

ملک ندیم کے والدین  مرحومین  کے لئے محفل ایصال ثواب مسجد غوثیہ ایمسٹرڈیم کے زیر انتظام و انصرام منعقد کی گئی۔

 

ملک ندیم کے والدین  مرحومین  کے لئے محفل ایصال ثواب

مسجد غوثیہ ایمسٹرڈیم کے زیر انتظام و انصرام منعقد کی گئی۔

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔جاوید عظیمی ۔۔۔عکاسی ۔۔۔میاں عمران)ایمسٹرڈیم کے قدیم رہائشی اور تجارتی حلقوں میں ایک خاص مقام رکھنے والی معروف شخصیت ملک ندیم کے والد گرامی ملک عصمت اللہ گزشتہ مہینے14نومبر2023کو پاکستان میں رضائے الہی سے انتقال کرگئے، مرحوم کے صاحبزادے ملک ندیم نے اپنے والد مرحوم  اور اپنی والدہ مرحومہ کی روحوں کو ایصال ثواب پیش کرنے کے لئے  محفل  ایصال ثواب کی پروقار تقریب کااہتمام جامع مسجد غوثیہ ایمسٹرڈیم میں کیا۔ مذکورہ تقریب میں کمیونٹی کے  معزز خواتین  و حضرات نے بھر پور شرکت کی تعزیتی تقریب کے پہلے حصے میں قرآن خوانی اور تسبیحات کی گئیں جبکہ دوسرے  حصے میں عبدالمجید سلیمان نے نعت شریف پڑھنے کی سعادت  حاصل کی ۔ مذکورہ مسجد کے امام و خطیب علامہ عمران علی قادری نے قرآن و حدیث کی روشنی میں والدین کی عظمت، اہمیت اور محبت کو اجاگر  کرتے  ہوئے کہا کہ جن کے والدین حیات ہیں وہ ان کی محبت سے زیارت اور خدمت کے ساتھ ساتھ فرمانبرداری بھی کریں کیونکہ آپ کو زندگی میں ہر چیز مل جائے گی لیکن اگر والدین  اللہ کو پیارے  ہو جائیں  تو ان کا نعم البدل کو ئی نہیں ہو سکتا ۔ نگران مراقبہ ہال ہالینڈ محمد جاوید عظیمی نے منعقد تعزیتی  تقریب کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم  یہاں روح کو ایصال ثواب نذر کرنے کے لئے موجود ہیں کیو نکہ درحقیقت روح ہی اصل انسان ہے۔  جاوید عظیمی نے مولانا جلال الدین رومیؒ کا قول بیان کرتے ہوئے کہا ازل سے زندگی کا سفر جاری ہے اس سفر کے دوران دنیا آگئی ہے اس دنیا میں ہمارا مستقل قیام نہیں بلکہ یہ دنیا ہمارے لئے گزرگاہ ہے۔ جاوید عظیمی نے ملک ندیم کے والدین مرحومین کے بلند درجات کے لئے دعائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے انھیں صبر جمیل کا پیغام دیا۔

ملک ندیم انتہائی دکھ بھرے لہجے میں اپنے والد مرحوم کے آخری لمحات کا تذکرہ کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے اور سب سے گزارش کی کہ جن لوگوں کے والدین حیات ہیں ان کی خلوص کے ساتھ خدمت اور فرمانبرداری کریں۔

ملک ندیم نے اس تعزیتی تقریب میں شرکت کرنے والے تمام خواتین و حضرات  کا صمیم قلب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے حق میں دعائیہ کلمات بھی ادا کئے۔ اجتماعی دعا کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اس تعزیتی پروگرام کے انتطام و انصرام میں مسجد کی انتظامیہ  کے متحرک عہدیداران محمد ارشد،ملک مسعود الرحمن کلیامی اور دیگرنے بھرپورمحنت کی۔ سفارتخانہ پاکستان کے کمرشل قونصلر راؤرضوان جبکہ ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل کے چیف ایڈیٹر محمد جاوید عظیمی ، میجنگ ڈائریکٹر میاں عاصم محمود، میاں عمران، نمائندہ خصوصی جبکہ راجہ عابد نے بھی دی ہیگ سے شرکت کی۔

Loading