*منہاج یورپین کونسل کے زیراہتمام چھٹی سالانہ تربیتی و دعوتی نشست، صاحبزادہ شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری کا دعوت و اصلاح پر بصیرت افروز خطاب*
یونان(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔انصر اقبال بسراء )منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے مرکزی ہیڈ آفس میں *منہاج یورپین کونسل* کے زیراہتمام *چھٹی سالانہ تربیتی و دعوتی نشست* کا انعقاد نہایت کامیابی سے کیا گیا۔ اس فکری و تربیتی پروگرام کے لیے خصوصی انتظامات *منہاج القرآن یونان* نے کیے، جس میں یورپ بھر سے منہاج القرآن کے ذمہ داران اور وابستگان شریک ہوئے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ممتاز عالمِ دین اور مفکرِ اسلام *صاحبزادہ شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری* تھے، جنہوں نے اپنے پرمغز خطاب میں *سیرتِ رسول مکرم ﷺ* کی روشنی میں عصرِ حاضر کے دعوتی تقاضوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے فرمایا کہ:دعوتِ دین صرف الفاظ کا نام نہیں، بلکہ عمل، اخلاق اور کردار کی زبان ہے۔ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ طیبہ ہمیں سکھاتی ہے کہ دشمنی، ظلم اور مخالفت کے مقابل بھی دعوت کا انداز محبت، حکمت اور صبر پر مبنی ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سیرتِ رسول ﷺ کا سب سے نمایاں پہلو *دعوت الی اللہ* ہے، جو ہر دور میں راہِ نجات ہے۔ آج کے پُرفتن اور فکری انتشار کے دور میں ہمیں منظم، مثبت اور باوقار انداز میں دین کا پیغام عام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ سوشل میڈیا، علمی مجالس، اور معاشرتی محفلوں میں دعوت و اصلاح کا کردار ادا کریں۔ علم، حلم اور بصیرت کے بغیر دعوت کا عمل دیرپا اثر نہیں چھوڑتا۔ ہمیں فکری مضبوطی، روحانی وابستگی اور اخلاقی پختگی کے ساتھ میدانِ دعوت میں اترنا ہوگا۔
*صاحبزادہ شیخ حماد مصطفیٰ القادری * کا خطاب شرکاء کے لیے فکری غذا، روحانی تازگی اور عملی رہنمائی کا باعث بنا۔
تقریب کے آخر میں *صدر منہاج القرآن یونان جناب ارسلان خرم چیمہ* نے تمام مہمانانِ گرامی، منہاج یورپین کونسل کے قائدین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس پیغام کو یورپ بھر میں پھیلانے کے عزم کا اظہار کیا۔
![]()







