منی ہائسٹ ایک مقبول ترین ٹی وی سیریل ہے
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )منی ہائسٹ ایک مقبول ترین ٹی وی سیریل ہے. 2.4 ارب یورو کی چوری پر بنی اس ڈرامہ سیریل کا ماسٹر مائنڈ ” پروفیسر” ہے. دُنیا بھر میں لوگوں کو اپنی منصوبہ بندی اور پلاٹ پر متحیر کرنے والی یہ سیریل مکمل فکشن ہوتے بھی بہت سی تاریخی سچائیوں کی بنیاد پر کھڑی تھی.
ڈورس پین کی آج عمر 94 سال ہے. اس کا منی ہائسٹ سے کوئی تعلق تو نہیں لیکن یہ دُنیا کی ایک مشہور ترین چور ہے. اس نے ساری زندگی چوریاں ہی کی ہیں. انتہائی مہنگے ہیرے جواہرات چرانے کیلئے یہ مشہور رہی. یہ بار بار پکڑی بھی گئی. لیکن جلد ہی رہائی پا کر یہ دوبارہ ایک نئی چوری کرنے نکل جاتی.
انسان اور چور کا تعلق بہت قدیم ہے. اس لئے آج بھی دنیا بھر میں لوگ اپنی قیمتی چیزوں کی حفاظت کیلئے نت نئے انداز اپناتے ہیں. پھر بھی دنیا بھر میں روزانہ چوریاں ہوتی ہیں. ڈورس پین جیسے چور آپ کے قیمتی اسباب پلک جھپکتے چرا لیتے ہیں. لیکن کچھ منی ہائسٹ کے پروفیسر اور ڈورس پین سے بھی بڑے چور ہوتے ہیں.
مثلاً دُنیا میں سب سے مہنگا وقت ہے. آپ کا وقت چرانے والے دُنیا کے سب سے خطرناک چور ہوتے ہیں. اسباب تو آپ دوبارہ بھی بنا سکتے ہیں لیکن گزرا وقت دوبارہ کبھی نہیں ملتا. کچھ عادات بھی بڑی چور ہوتی ہیں جیسے ٹال مٹول کی عادت منی ہائیسٹ کے پروفیسر سے زیادہ شاطر و چالاک ہے. یہ آپ کو کچھ بھی کرنے نہیں دیتی اور زندگی بیت جاتی ہے.
ایسا ہی ایک چور وہ ہے جو آپ کی خوشی چرا لیتا ہے. ہم خوشیوں کے درمیان کھڑے ہو کر بھی خوش نہیں ہو پاتے. اس چور کا نام موازنہ یعنی comparison ہے. یہ عین اس وقت جب خوشی آپ کو خوش کرنے پہنچتی ہی ہے کسی اور کا چہرہ زندگی یا اس کے اسباب دکھا کر کہتا ہے اسے دیکھو اس کے پاس کیا ہے اور تمہارے پاس کیا.؟
ہم اس حساب کتاب میں لگ جاتے ہیں اور خوشی اور خوش ہونے کا وقت ہم کھو دیتے ہیں.
ریاض علی خٹک riazalikhattak