میاں آفتاب کے بھانجے صفدر مرحوم کے لئے دعائیہ تقریب
کمیونٹی سینٹر دی ہیگ میں منعقد کی گئی، پاکستانی کمیونٹی کی
مختلف مکتبہ فکر سے وابستہ شخصیات کی بھرپور شرکت۔۔۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔محمد جاوید عظیمی ۔۔۔فوٹو گرافی۔۔۔میاں عمران اور خالد سلطان) گزشتہ دنوں جانی پہچانی شخصیت میاں آفتاب کے بھانجے صفدر حسین پاکستان میں وفات پا گئے تھے، مرحوم کی روح کو ایصال ثواب نذر کرنے کے لئے خصوصی دعائیہ تقریب پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سینٹر دی ہیگ میں منعقد کی گئی۔ اس تقریب کا آغاز تلاوت قرآن سے مرکز کے امام و خطیب غلام مصطفےٰ نقشبندی مجددی نے اپنی میٹھی آواز سے کیا ، خادم مجتبےٰ بٹ ، محمد شفیق چیمہ نے بارگاہ رسالت مآب میں نعتوں کے گلدستے پیش کئے جبکہ میاں مظفر حسین نے سیف الملوک سے عارفانہ کلام پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔
علامہ غلام مصطفےٰ نقشبندی نے تقریب کی مناسبت سے اپنے علمی خطاب میں کہا کہ وہ مرحومین خوش قسمت ہیں جن کے اس دنیائے فانی سے رخصت ہو جانے کے بعد ان کے عزیز و اقارب یا دوست احباب مرحومین کی روحوں کو ایصال ثواب نذر کرنے کے لئے ایصال ثواب کی تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں۔ متذکرہ تقریب بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، رب کا ئنات بانی محفل میاں آفتاب کو اس کا اجرئے عظیم عطا فرمائیں، بعدازاں موت اور زندگی کے فلسفے کو قرآن و حدیث کی روشنی میں بڑی وضاحت سے بیان کیا جبکہ نماز کی اہمیت اور استقامت پر قائم رہنے کے سلسلے میں خوبصورت پیرائے میں ٹھوس دلائل پیش کئے۔ اجتماعی دعا میں مرحوم صفدر حسین کی روح کو خصوصی طور پر محفل کا ایصال ثواب نذر کرتے ہوئے کمیونٹی کی مختلف شخصیات کی پاکستان میں وفات پا جانے والے مرحومین کی بخشش و مغفرت کے لئے بارگاہ الہی میں مناجات بھی پیش کیں۔ اس دعائیہ تقریب کے اختتام پر میزبان میاں آفتاب کی جانب سے شرکاء کی خدمت میں لنگر پیش کیا گیا۔
یاد رہے معروف آن لائن اردو اخبار ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل کے چیف ایڈیٹر محمد جاوید عظیمی اور مینجنگ ڈائریکٹر میاں عاصم محمود نے میاں آفتاب کے بھانجے مرحوم کی وفات پر دلی تعزیت کرتے ہوئے ان کی بخشش و مغفرت کے لئے دعائیہ کلمات بھی ادا کئے۔