میلاد النبیﷺ کی مرکزی پروقار نورانی تقریب کا انعقاد
پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سینٹر دی ہیگ میں کیا گیا، سفیر پاکستان
مہمان خصوصی، علامہ غلام مصطفےٰ کا اثر انگیز خطاب اور
خواتین و حضرات کی کثیر تعداد میں شرکت۔۔۔۔۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔محمد جاوید عظیمی) پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سینٹر دی ہیگ کے زیر اہتمام بروز بدھ ستائیس ستمبر 2023بارہ ربیع الاول کو میلاد النبی ﷺ کی مرکزی تقریب انتہائی تزک و احتشام سے منعقد کی گئی۔ اس بابرکت تقریب کا آغاز اللہ تعالیٰ کی آخری آفاقی مقدس کتاب قرآن مجید کی تلاوت سے کیا گیا، مجتبےٰ خادم بٹ اور حسنین بدر قادری نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں نعتوں کی صورت میں محبتوں اور عقیدتوں کے پھول نچھاور کئے جبکہ مظفر حسین نے اپنی سحر انگیز آواز میں سیف الملوک سے عارفانہ کلام پیش کرکے حاضرین سے داد وصول کی۔ کمیونٹی سینٹر کی مسجد کے امام و خطیب مولانا حافظ غلام مصطفےٰ نقشبندی نے رسول محتشم ﷺ کے شمائل و خصائل پر تفصیلی گفتگو کرنے کی سعادت حاصل کی بعد ازاں فرمان الہی بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مومنوں پر احسان کیا۔ اس پر میرا شکر ادا کرو آج ہم نے ولادت عظمی ٰ کی خوشی منانے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے لئے یہ محفل سجائی ہے۔ میلاد النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں کو مزید اجاگر کرنے کے لئے مولانا غلام مصطفےٰ نے حضرت احمد رضا خان ؒ اور علامہ محمد اقبال ؒ کے اشعار کا خوبصورت انداز میں سہارا لیتے ہوئے شرکاء تقریب کے قلوب و اذہان کو عشق مصطفےٰ کی روشنی س ے منور کر دیا ۔ خطاب کے دوران ایک موقعہ پر کہا میلاد کا خصوصی پیغام یہ ہے کہ خاتم الانبیاء سید المرسلین محمد مصطفےٰﷺ کی سیرت طیبہ پر خلوص دل سے عمل پیرا ہو جائیں۔ میلاد النبی ﷺ کی منعقد ہ مرکزی تقریب کے مہمان خصوصی سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ کے سفیر جناب سجلوک تارڑ نے اپنے خطاب کے ابتدائی کلمات میں حاضرین کو عید میلاد النبیﷺ کی صمیم قلب سے مبارک باد پیش کی اور اس بابرکت تقریب میں مدعو کرنے پر مرکز کی انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
محترم سفیر نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ہمیں آپﷺ کے فرمودات پر عمل کرکے اپنی زندگیوں کو سنوارنا ہو گا۔ سفیر پاکستان کے ہمراہ ڈپٹی ہیڈ آف مشن جناب محمد واصف بھی شریک محفل رہے۔
پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سینٹر دی ہیگ کے صدر چوہدری محمد اقبال نے شرکائے تقریب کا شرکت کرنے پر صمیم قلب سے شکریہ ادا کیا۔مولانا بلال نوشاہی نے موقعہ کی مناسبت سے خطاب کیا، علامہ سرفراز نو شاہی نے پنجابی زبا ن میں عارفانہ کلام پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔
پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سینٹر دی ہیگ کے صدر چوہدری محمد اقبال نے شرکائے تقریب کا شرکت کرنے پر صمیم قلب سے شکریہ اد ا کیا۔ علامہ سرفراز نوشاہی نے پنجابی زبان میں عارفانہ کلام پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ درود و سلام اور اجتماعی دعا کے بعد لذت کام ودہن کے سلسلے میں حاضرین ِ محفل کی تواضع لذید عمدہ لنگر محمد ی سے کی گئی۔میلاد النبی ﷺ کی اس مرکزی تقریب میں ہالینڈ کے مختلف شہروں سے خواتین و حضرات اور نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ معروف آن لائن اردو اخبار ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل کے مدیر اعلیٰ محمد جاوید عظیمی نے محنت شاقہ سے پروگرام کی کوریج کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔