Daily Roshni News

نواز شریف ملک کو اندھیروں سے نکال لیں گے؟۔۔۔تجزیہ۔۔۔شہزاد قریشی

نواز شریف ملک کو اندھیروں سے نکال لیں گے؟

مریم نے ووٹروں کو جگا دیا ، وزیر اعظم نواز کے نعرے

پاکستان کو نازک موڑ تک کس نے پہنچا یا ، قوم کو کون بتائے گا

عوام کو ریاستی اداروں کے خلاف بھڑکانے سے گریز کیا جائے

تجزیہ۔۔۔شہزاد قریشی

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔تجزیہ ۔۔۔شہزاد قریشی )اہل سیاست اہل دانشور، یوٹیوبر ، وی لاگر ، عام آدمی کو جو پہلے ہی ان گنت مسائل میں مبتلا ہے بتا رہے ہیں، پاکستان نازک موڑ سے گزر رہا ہے، تاہم یہ نہیں بتا رہے کہ پاکستان کو نازک موڑ پر پہنچانے والے کون ہیں ؟ مظلوم اور معصوم عوام کو اپنی سیاست چمکانے اور فالورز بڑھانے کے لئے ریاستی اداروں کے خلاف بھڑ کانے سے گریز کرنا ہو گا ، امریکہ ایک بڑا مضبوط جمہوری ملک ہے وہاں پر بھی چیک اینڈ بیلنس نظام موجود ہے، اسی طرح چین سمیت مختلف ممالک میں چیک اینڈ بیلنس نظام موجود ہیں، مصر میں جمہوریت آئی مگر صدر مرسی نے اختیارات کو اپنے گرد جمع کرنا شروع کر دیا پھر مصر میں مارشل لاء لگا اور مصر دوبارہ صدر حسنی مبارک کے زمانے کی طرف لوٹ گیا، ترکی میں طویل مارشل لاگزرے پھر جمہوریت آئی ، آج طیب اردوان کی شکل میں صدارتی نظام متعارف کرا دیا گیا، پاکستان کے آئین نے جمہوری حکومت اور ملک کے تمام اداروں کی حدیں مقرر کر دی ہیں اگر آئین پر عمل کیا جائے تو پاکستان اور عوام کے مسائل حل ہو سکتے ہیں، ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں صدقے دل سے وطن عزیز اور عوام کو مسائل سے سے نکالنے کے لئے اپنے منشور پر جو الیکشن میں دیا جائے اُس پرعمل کریں، ملک میں سیاسی رونقیں لگی ہیں، لاہور، کراچی اور ملک کے دیگر بڑے شہروں میں یخ بستہ سردی کے دوران عوام کو گرمایا ارہا ہے، کہیں بلاول بھٹو تو کہیں جماعت اسلامی ۔ جماعت اسلامی کے امیر ووٹروں کو گرما رہے ہیں، کہیں مریم نواز شریف اپنے مخصوص انداز میں ایک ماہر وکیل کی طرح عوامی عدالت میں ملک میں جمہوریت اور معیشت کو پہنچنے والے نقصانات کا ذکر کر رہی ہیں، ایک بار پھر پنجاب کا شہر اوکاڑہ نواز شریف وزیر اعظم کے نعروں سے گونج اٹھا ، مریم نواز ن لیگ کا مقدمہ لڑنے میں کامیاب ہو رہی ہیں، یہ بات درست ہے کہ مشکل ترین حالات میں بھی وہ ن لیگ اور نواز شریف کا مقدمہ عوامی عدالت میں لڑتی رہی ہیں، کراچی اور دیگر شہروں میں سیاسی قائدین کے سیاسی ڈیروں پر رونق لگی ہے، لاہور میں کسی زمانے میں بابائے سیاست نوابزادہ نصر اللہ مرحوم کے سیاسی ڈیرہ آباد تھا آج کل لاہور میں نواز شریف کا سیاسی ڈیرہ مقبول ہے، اس طرح سیاست کا مرکز لاہور ہے، دیکھا جا رہا ہے که نواز شریف حالات پر نظر کس طرح رکھتے ہیں، موجودہ حالات کو وہ کس طرح اپنے حق میں ڈھالتے ہیں، اندھیرے میں ڈوبے پاکستان اور عوام کو روشنیوں کی طرف لے جانے میں کس طرح کامیاب ہوں گے۔

Loading