Daily Roshni News

نوبیل انعام کیا ہے؟

نوبیل انعام کیا ہے؟

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )دنیا کے سب سے بڑے اعزازات میں سے ایک، نوبیل انعام، صرف ایک ٹرافی یا سرٹیفکیٹ نہیں بلکہ ان غیر معمولی ذہنوں کی پہچان ہے جنہوں نے اپنی سوچ، محنت، اور لگن سے دنیا کو نئی راہوں پر گامزن کیا۔ یہ انعام اُن افراد کو دیا جاتا ہیں جن کی کاوشوں نے نہ صرف سائنس اور ادب میں انقلاب برپا کیا ہو بلکہ انسانیت کی بھلائی اور امن کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہو۔

اگرچہ نوبیل انعام کے ساتھ ایک خطیر رقم بھی جیتنے والوں کو دی جاتی ہے لیکن زیادہ تر لوگ اس انعام کی امید پیسے کیلیے نہیں بلکہ اعزاز پانے کے لیے کرتے ہیں۔

نوبیل انعام کی ابتدا سویڈن کے مشہور سائنسدان اور موجد الفریڈ نوبیل کی وصیت سے ہوئی، جنہوں نے اپنی دولت کو انسانی ترقی کے فروغ کے لیے وقف کیا۔ 1901 سے شروع ہونے والا یہ انعام، ہر سال ان افراد کو دیا جاتا ہیں جن کی کاوشوں نے دنیا کو ایک بہتر جگہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

نوبیل انعام کے بارے میں ایک کہانی مشہور ہے جس کے مطابق Alfred Nobel نے ایک فرانسیسی اخبار میں اپنی ہی وفات کی خبر پڑھی، جس کا عنوان تھا “The Merchant of Death is Dead”، یعنی “موت کا تاجر مر گیا”  اور یہ خبر اسے حیران کر گئی۔ دراصل، نوبیل کا بھائی Ludvig فوت ہوا تھا۔ اس خبر نے نوبیل کو پریشان کیا اور اسے اس بات کا احساس دلایا کہ مرنے کے بعد اسے کس طرح یاد کیا جائے گا۔ یہ کہانی نوبیل کی وصیت میں تبدیلی کا باعث بنی۔  بعض مؤرخین اسے ایک افسانہ قرار دیتے ہیں۔ 10 دسمبر 1896 کو الفریڈ نوبیل اٹلی کے شہر سان ریمو میں اپنے villa میں دماغی شریان پھٹنے سے فوت ہو گئے۔ اس وقت ان کی عمر 63 سال تھی۔

 اپنی آخری وصیت انہوں نے اپنی وفات سے ایک سال قبل تیار کی تھی اور 27 نومبر 1895 کو پیرس میں سویڈش-نارویجن کلب میں اس پر دستخط کیے تھے۔ اس وصیت نے سب کو حیران کر دیا کیونکہ نوبیل نے اپنی دولت کا 94% حصہ، نوبیل انعامات کے قیام کے لیے مختص کیا۔ وصیت پر شکوک و شبہات کی وجہ سے 26 اپریل 1897 کو ناروے کی پارلیمنٹ نے اس کی منظوری دی۔

وصیت کے نفاذ کے لیے  Ragnar Sohlman اور Rudolf Lilljequist کو نامزد کیا گیا، جنہوں نے نوبیل فاؤنڈیشن قائم کی تاکہ دولت کی دیکھ بھال کی جا سکے اور انعامات کی تقسیم کا انتظام کیا جا سکے۔

اپنی وصیت میں الفریڈ نوبیل نے مخصوص اداروں کو ان انعامات کا ذمہ دار مقرر کیا جن کا قیام وہ چاہتے تھے: طبیعیات اور کیمسٹری کے نوبل انعام کے لیے Royal Swedish Academy of Sciences، فزیالوجی یا طب کے نوبیل انعام کے لیے Karolinska Institutet، ادب کے نوبل انعام کے لیے سویڈش اکیڈمی اور نوبیل امن انعام کے لیے پانچ افراد کی کمیٹی، جسے Norwegian Parliament منتخب کرے گی۔

1968 میں سویڈن کے مرکزی بینک (Sveriges Riksbank) نے الفریڈ نوبیل کی یاد میں Economics کو بھی اس میں شامل کیا۔ 1969 سے Economicsمیں نوبیل انعام کے فاتحین کا انتخاب بھی رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز کے ذمے ہے۔

نوبیل انعام جیتنے والے افراد کو انعام میں ایک گولڈ میڈل، ڈپلومہ اور خطیر انعامی رقم دی جاتی ہیں۔

طبیعیات، کیمسٹری، فزیالوجی یا طب اور ادب کے میڈلز کے سامنے والے حصے(front side) ایک جیسے ہوتے ہیں، جن پر الفریڈ نوبل کی تصویر اور ان کی پیدائش اور وفات کے سال کندہ ہوتے ہیں۔ امن انعام اور اقتصادیات کے میڈل کے سامنے والے حصے پر بھی نوبل کی تصویر ہوتی ہے، مگر ڈیزائن میں معمولی فرق ہوتا ہے۔

1980 سے پہلے بننے والے تمام میڈلز 23 کیرٹ سونے سے بنائے گئے تھے۔ لیکن بعد ہر میڈل کے وزن اور سونے کی مقدار میں سونے کی قیمت کے ساتھ ساتھ بدلاؤ ہونے لگا، اوسطاً ہر میڈل کا وزن تقریباً 175 گرام  ہوتا ہے۔ میڈل کا قطر (diameter) 66 ملی میٹر  اور موٹائی (width) 5.2 ملی میٹر  سے 2.4 ملی میٹر  تک ہوتی ہے۔

نوبیل انعام یافتہ افراد کو دیا جانے والا ڈپلومہ خصوصی طور پر تیار کیا جاتا ہے، جس میں ایک تصویر اور سویڈش زبان میں متن ہوتا ہے جو فاتح کا نام اور عام طور پر انعام حاصل کرنے کی وجہ بیان کرتا ہے۔

نوبیل انعام جیتنے والے افراد کو انعامی رقم بھی دی جاتی ہے۔ اس انعامی رقم کا انحصار نوبل فاؤنڈیشن کی اس سال کی مالی حالت پر ہوتا ہے۔  2009 میں، انعامی رقم تقریباً 1.4 ملین امریکی ڈالر تھی۔ اگر کسی زمرے میں دو فاتحین انعام بانٹتے ہوں، تو انعامی رقم دونوں کے درمیان برابر تقسیم ہوتی ہے۔ اگر تین فاتح ہوں، تو کمیٹی کے پاس یہ اختیار ہوتا ہے کہ انعامی رقم کو برابر تقسیم کرے، یا ایک کو نصف اور باقی دونوں کو ایک ایک چوتھائی دے۔ اکثر فاتحین اپنی انعامی رقم کو سائنسی، ثقافتی یا انسانی فلاحی مقاصد کے لیے عطیہ کرتے ہیں۔

سواۓ امن کے نوبیل انعام کے، تمام نوبیل انعامات سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں سالانہ انعامی تقریب میں 10 دسمبر کو پیش کیے جاتے ہیں، جو الفریڈ نوبل کی وفات کی برسی ہوتی ہے۔ فاتحین کے لیکچرز عام طور پر انعامی تقریب سے پہلے کے دنوں میں منعقد کیے جاتے ہیں۔ امن انعام اور اس کے فاتحین کے لیکچرز ناروے کے دارالحکومت Oslo میں سالانہ انعامی تقریب میں پیش کیے جاتے ہیں، جو عموماً 10 دسمبر کو ہوتی ہے۔

۔Stockholm میں نوبیل فاتحین  سویڈن کے بادشاہ سے اپنا انعام وصول کرتے ہیں۔ Oslo میں، Norwegian Nobel Committee کے چیئرمین نوبل امن انعام پیش کرتے ہیں-

نوبیل فاؤنڈیشن کے قواعد کے مطابق، ہر فاتح کو اپنے انعام کے موضوع سے متعلق ایک عوامی لیکچر دینا ہوتا ہے۔ یہ لیکچرز عام طور پر نوبیل ہفتے کے دوران منعقد کیے جاتے ہیں (جس کا آغاز فاتحین کی اسٹاک ہوم آمد سے ہوتا ہے)، لیکن یہ لازمی نہیں ہے۔ فاتح کو صرف انعام وصول کرنے کے چھ ماہ کے اندر لیکچر دینا ضروری ہوتا ہے۔

~ جلال احمد

Loading