نیدر لینڈ ز کے شہر دی ہیگ میں پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی
نیدر لینڈ ز میں مقیم پاکستانیوں کی کثیر تعداد شریک
9 مئی کو ہونے والے واقعات کی شدید مذمت
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نمائندہ خصوصی)نیدر لینڈ ز کے شہر دی ہیگ میں پاکستان کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرے کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت ڈاکٹر محمد کامران نے کی۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے 9 مئی کو پاکستان میں ہونے والے پر تشدد مظاہروں کے دوران شہدا کی یادگاروں اور کور کمانڈر ہاؤس لاہور پر حملوں کی شدید مذمت کی اور ان واقعات میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرے کے شرکا نے پاک فوج اور پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتا ہوۓ مظاہرین کا کہنا تھا سیاست کی آڑ میں ریاست کو نقصان پہنچا نا انتہائی افسوس ناک ہے اور کسی فرد یا سیاسی جماعت کو اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ سیکورٹی فورسز ملکی سلامتی اور بقا کی ضمانت ہیں۔ پاکستان کی عوام اپنے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملکی سلامتی کے اداروں کو متنازعہ بنانے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دے گی۔
مظاہرے سے ڈاکٹر محمد کامران شبیر بٹ، جاوید بٹ ،فاروق راجہ،
عبد الباسط، راجہ زیب خان ,طاہرہ نگہت، جاوید عظیمی، خادم بٹ اور چودھری محمد فیصل نے خطاب کیا۔
مظاہرین نے حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں اور اپنے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کی روایت کو ختم کریں تا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔