Daily Roshni News

وزیراعظم نے ڈھائی کروڑ سے زائد بچوں کے اسکول نہ جانے کو مجرمانہ غفلت قراردے دیا

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں ڈھائی کروڑسے زائد بچوں کے اسکول نہ جانے کو مجرمانہ غفلت قراردے دیا۔

اسلام آباد میں دانش اسکول سائٹ کے معائنے کی تقریب سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ نواز شریف کی قیادت میں دانش اسکول کاپنجاب میں جال پھیلایا اور دانش اسکول یتیم بچوں کا سہارابنا، دانش اسکول سے فارغ التحصیل بچے پوری دنیا میں اثر قائم کر رہے ہیں، دانش اسکول شروع کرنے پر ہم پر تنقید ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں امراکیلئے ہیڈ اسٹارٹ اسکول بن چکے ہیں، تعلیم کیا صرف امرا کے بچوں کا حق ہے ؟ کیا غریب کاحق نہیں کہ انہیں بھی دیگر اچھے اسکول کی سہولتیں مل سکیں؟ 

ان کا کہنا تھاکہ اسلام آباد کی غریب بستیوں اور دوردراز علاقوں میں دانش اسکول بنارہے ہیں، یہاں دانش اسکول کے یتیم بچوں کیلئے سہولتیں بنانی ہیں، میں نے کہا ہاؤسنگ سوسائٹی کیلئے زمین الاٹ کرتے ہیں غریب بچوں کی سہولتوں کیلئے نہیں؟ کمشنر کا شکر گزار ہوں دانش اسکول کی سہولتوں کیلئے زمین پر حامی بھری۔

شہباز شریف کا کہنا تھاکہ ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کریں گے، پاکستان میں 2 کروڑ 60 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور یہ مجرمانہ غفلت ہے، رمضان کے بعد دانش اسکولوں کا پی سی ون منظور کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے طلبہ کے ہاتھ میں کلاشنکوف نہیں، لیپ ٹاپ دیے، پنجاب میں لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ روزگار کمارہے ہیں۔

Loading