Daily Roshni News

وقار اسلم کی چچی مرحومہ کے لئے  ایصال ثواب کی تقریب منعقد ہوئی

وقار اسلم کی چچی مرحومہ کے لئے  ایصال ثواب کی تقریب منعقد ہوئی

علامہ یاسر قادری کا خطاب ، کمیونٹی کے خواتین و حضرات

کی بھرپور شرکت۔۔۔۔۔۔!!

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔رپورٹ۔۔۔محمد جاوید عظیمی ) گزشتہ دنوں دی  ہیگ کی جانی پہچانی شخصیت وقار اسلم نے اپنی چچی مرحومہ کی روح کو ایصال ثواب نذر کرنے کے لئے منہاج القرآن دی ہیگ میں تقریب کا اہتمام کیا۔ مذکورہ مرکز کے امام و خطیب علامہ حافظ یاسر نسیم قادری نے تقریب کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے کہا نیند موت کی قسم ہے کیونکہ سویا اور مرا ہوا انسان ایک برابر ہو تا ہے، اس سلسلے میں انھوں نے محبوب مکرم، خاتم الانبیاء احمد مجتبےٰ محمد مصطفےٰ ﷺ کے سونے سے قبل اور  بیدار ہونے کے بعد کی دعاؤں کا  تذکرہ بڑے خوبصورت پیرائے میں بیان کیا

جس کا مفہوم کچھ یوں ہے نبی رحمتﷺ جب بستر پر دراز ہوتے تو اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے اگر نیند کے دوران میری روح قبض ہو جائے تو یا اللہ رحم فرمانا اور اگر مجھے آپکی جانب سے زندگی عطا ہو جائے تو یا اللہ  اس کی حفاظت فرمانا! متذکرہ حدیث مبارکہ سے رسول محتشمﷺ کے نیند اور بیداری کی حالت میں اپنے پہلو مبارک بستر پر رکھنے، بسترسے اٹھانے کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے حضور مناجات کرنے کی تعلیمات ملتی ہیں، جن پر ہمیں عمل پیرا ہو کر موت کو یاد رکھنا چاہیے۔ ایک موقعہ پر علامہ یاسر قادری   نے کہا کسی کے کہنے یا مانگنے سے موت نہیں آتی ہر انسان کے لئے موت کا وقت مقرر ہے لہذا متعین کردہ وقت پر ہی موت آئے گی۔

بعد ازاں اجتماعی دعا میں وقار اسلم کی چچی مرحومہ اور والد مرحوم کی روحوں  کو ایصال ثواب نذر کیا گیا۔

قبل ازیں تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا  جبکہ بارگاہ رسالت مآبﷺ میں امانت علی چوہان، وقار اسلم، مجتبےٰ خادم بٹ اور میاں مظفر حسین نے نعتوں کی صورت میں محبتوں کے پھول نچھاور کئے۔ پروگرام کے اختتام پر حاضرین کی تواضع لنگر سے کی گئی۔ میزبان وقار اسلم نے شرکاء کا فرداً فرداً شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے حق میں دعائیہ کلمات بھی ادا کئے۔

ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل کے مدیر اعلیٰ محمد جاوید عظیمی ، ڈائریکٹر میاں عاصم محمود اور خالد سلطان نے  وقار اسلم سے تعزیت کرتے ہوئے ان کی چچی مرحومہ کے لئے دعائے مغفرت بھی کی۔

Loading