Daily Roshni News

وہ ملک جہاں اسکولوں میں کلاشنکوف چلانے کیساتھ ہینڈ گرینیڈ کا استعمال بھی سکھایا جائے گا

روس کے اسکولوں میں طلبا کو  کلاشنکوف  رائفلز چلانے، جوڑنے اور صاف  کرنے کے ساتھ ہینڈ گرینیڈ کا استعمال بھی سکھایا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس میں اگلے ماہ سے شروع ہونے والے  نئے  تعلیمی سال میں طلبا کو کلاس میں کلاشنکوف رائفلز کو جوڑنے، چلانے ، صاف کرنے سمیت ہینڈ گرینیڈ  کے استعمال کے ساتھ جنگ کے دوران ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کا طریقہ سکھایا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق سیکنڈری اسکول کے آخری سال کے طلبا جن کی عمر  16 سال یا اس سے زیادہ ہے کے لیے یہ فوجی ٹریننگ ہوگی جس کا مقصد ان کو زندگی کی حفاظت کے بنیادی اصولوں کے بارے میں بتانا ہے۔

یہ پہلے موقع نہیں جب روس کے اسکولوں میں طلبا کو فوجی ٹریننگ دی جائے گی، اس سے قبل  1980 کی دہائی سے اس طرح کی کلاسز دی جاتی ہیں۔

ماضی میں بچوں کو  دہشت گرد حملوں میں محفوظ رہنے کا طریقہ، چرنوبل جوہری تباہی کے بعد تابکاری سے نمٹنے کے بنیادی طریقے سکھائے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اپریل میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ڈرون کی ٹریننگ بھی  نصاب میں شامل کرنے پر زور دیا تھا۔جس کے بعد گزشتہ ماہ حکام نے فیصلہ کیا تھا کہ 16 یا اس سے زائد عمر کے طلبا کو  ڈرون چلانے اور انہیں جوڑنے کا طریقہ  سکھایا جائے گا۔

روسی میڈیا آؤٹ لیٹ ‘Important Stories’کے مطابق ملک میں اسکولوں نے طلبا کو ٹریننگ دینے کے لیے ڈرونز خریدنا بھی شروع کر دیےہیں۔

دوسری جانب  روس کے سابق ٹیچر اور تاریخ دان سرگئی چرنیشوف کا کہنا ہے کہ مجھے نہیں لگتا کہ بہت سے اسکولز درحقیقت ڈرونز خریدنے کے قابل ہوں گے۔

سرگئی چرنیشوف  کو یوکرین میں جنگ کی مخالفت کرنے پر روسی صدارتی محل کریملن نے غیر ملکی ایجنٹ قرار دیا تھا۔

Loading