پیرس۔ فرانس۔ ویلیئرز لا بیل: کارلوس مارٹنز بیلنگو اور زوہیب مقصود نے شہر کی ترقی کے لیے اپنا انقلابی پروگرام پیش کر دیا
پیرس(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔رپورٹ۔۔۔منیر احمد ملک)ویلیئرز لی بیل (Villiers-le-Bel): 23 فروری 2026 کو ویل ڈی اواز (Val d’Oise) کے رکن پارلیمنٹ اور میئر کے امیدوار کارلوس مارٹنز بیلنگو (Carlos Martens Bilongo) نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک اہم پریس کانفرنس منعقد کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہر کی بہتری اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا جامع انتخابی منشور پیش کیا۔
اس ٹیم میں زوہیب مقصود بھی شامل ہیں، جو 41 سال کے ہیں اور ڈپٹی میئر (Maire Adjoint) کے عہدے کے لیے امیدوار ہیں۔ ان کی شمولیت کو شہر کی متنوع آبادی، بالخصوص اردو بولنے والی کمیونٹی کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
منشور کے اہم نکات
بیلنگو اور ان کی ٹیم نے کل 62 اقدامات پر مشتمل پروگرام پیش کیا ہے، جس کا مقصد شہر کے ہر طبقے کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام کی نمایاں خصوصیات درج ذیل ہیں:
میونسپل ہیلتھ انشورنس (Mutuelle Communale): شہر کے تمام رہائشیوں کے لیے سستی اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی۔
جامع کریچ (Inclusive Crèche): ایک نئے اور جدید بچوں کے ڈے کیئر سینٹر کا قیام جو تمام بچوں کی ضروریات کو پورا کر سکے۔
تعلیمی تعاون: اسکول کے آغاز پر بچوں میں مفت تعلیمی کٹس (School Kits) کی تقسیم تاکہ والدین پر بوجھ کم ہو سکے۔
مقامی شناختی کارڈ (Carte local d’identité): شہر کی سطح پر ایک مخصوص شناختی کارڈ کا اجراء، جو مقامی سہولیات تک رسائی کو آسان بنائے گا۔
کارلوس مارٹنز بیلنگو اور زوہیب مقصود کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد ویلیئرز لی بیل کو ایک متحد اور خوشحال شہر بنانا ہے جہاں ہر شہری کو یکساں حقوق میسر ہوں۔ منیر احمد ملک پیرس فرانس
![]()




