Daily Roshni News

ٹرمپ نے پیوٹن کو یوکرینی صدر سے ملاقات اور جنگ بندی کیلئےنئی مہلت دیدی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے  روسی صدرکو  یوکرینی ہم منصب  سے ملاقات اور  جنگ بندی سے متعلق بات چیت کےلیے نئی مہلت دیدی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی میڈیا کو  انٹریو دیتے ہوئےکہا کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو  چند ہفتوں کی نئی مہلت دے رہے ہیں تاکہ  وہ یوکرین کے صدر  زیلنسکی سے ملاقات کر کے جنگ کے خاتمے کے امکانات پر بات کریں۔

ٹرمپ نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی صحافی کے سوال پر  جواب دیتے ہوئے کہا کہ ‘ہم دیکھیں گے قصور کس کا ہے ، میں نے انہیں ملاقات کرنے کا کہا ہے اور  اب  یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ وہ ملاقات کرتے ہیں یا نہیں’۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ  2  ہفتوں میں معلوم ہوجائے گا کہ انہیں کیا کرنا ہے۔

دوسری جانب روسی وزیرخارجہ نے صدر  پیوٹن کی یوکرینی ہم منصب  سے فوری ملاقات کے امکان کو مسترد کردیا، روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ صدر پیوٹن اور زیلنسکی کے درمیان کوئی ملاقات طے نہیں ہے۔

ادھر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے سخت شرائط رکھ دیں۔

روسی صدارتی محل کریملن ذرائع کے مطابق صدر پیوٹن چاہتے ہیں کہ یوکرین مشرقی سرحدی شہر ڈونباس سے دستبردار ہوجائے،نیٹو میں شمولیت کا ارادہ ترک کردے اور مشرقی سرحد سے نیٹو افواج کو ہٹادے۔

کریملن ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے عوض روس کچھ علاقوں سے پیچھے ہٹنے پر آمادہ ہے۔

Loading