Daily Roshni News

ٹرمپ کا ایلون مسک کے تیسری سیاسی جماعت کے اعلان پر ردعمل سامنے آگیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے  ٹیسلا، سوشل میڈیا سائٹ ایکس جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک کی جانب سے تیسری سیاسی جماعت کے اعلان کو مضحکہ خیز قرار دے دیا۔

ٹرمپ انتظامیہ میں محکمہ برائے حکومتی کارکردگی (DOGE)کے سابق سربراہ ایلون مسک نے گزشتہ روز امریکا میں ایک نئی سیاسی جماعت امریکا پارٹی کے قیام کا اعلان کیا تھا۔

ایلون نے اپنی ایکس پوسٹ میں نئی جماعت کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج ‘امریکا پارٹی’ آپ کو آپ کی آزادی واپس دلانے کے لیے بنائی گئی ہے۔

صدر ٹرمپ نے ایلون مسک کے سیاسی جماعت کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے اسے  مضحکہ خیز قرار دیا۔

اتوار کو ٹرمپ نے نیو جرسی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے کہ تیسری پارٹی شروع کرنا ایک مضحکہ خیز خیال ہے۔تیسری پارٹی شروع کرنے سے صرف الجھن میں اضافہ ہو گا۔

ٹرمپ نے ایلون مسلک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ تیسری جماعت بنانا چاہے تو وہ اس سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں ، لیکن میرے نزدیک یہ بالکل غیر ضروری اور فضول ہے۔

اس کے علاوہ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ  ہمارے پاس اس ہفتے کے دوران حماس کے ساتھ معاہدہ کرنے کا اچھا موقع ہے،کچھ یرغمالی باہر آ سکتے ہیں۔نیتن یاہو اور ایران کے ساتھ مستقل ڈیل پر کام کرنے پر بات چیت کروں گا ۔

امریکی صدر نے کہا کہ ممکنہ طور پر جمعہ کو سیلاب سے متاثرہ ٹیکساس کا دورہ کروں گا۔

واضح رہے ایلون مسک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی الیکشن مہم چلانے والوں میں سرفہرست تھے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد ایلون مسک کو محکمہ برائے حکومتی کارکردگی (DOGE) کا سربراہ بھی بنایا گیا تھا تاہم بعد ازاں انہوں نےاپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور پھر صدر ٹرمپ سے ان کے تعلقات بگڑتے چلے گئے۔

Loading