*پاکستانیوں کی پہلی مسجد بلال ویانا میں سید فخر شاہ کی جانب سے ان کی والدہ مرحومہ کے ایصال ثواب کے سلسلے میں دعا او اجتماعی افطاری*
آسٹریا ویانا (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔محمد عامر صدیق) پاکستانیوں کی پہلی مسجد بلال ویانا میں پاکستانی کاروباری شخصیت سید فخر شاہ کی جانب سے ان کی والدہ مرحومہ کے ایصال ثواب کے سلسلے میں دعا او اجتماعی افطاری کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے بالخصوص،مذہبی، کاروباری، اسٹوڈنٹس نے بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر زکر نعت محفل کا آغاز غلام مصطفی نعیمی کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ نعت شریف کی صورت میں گلہائے عقیدت کے پھول پیش کرنے کی سعادت شہریار خان اور مختلف نعت خوانان کو حاصل ہوئی۔افطاری سے قبل غلام مصطفی نعیمی نے رمضان شریف کی اہمیت کے حوالے سے خصوصی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان کا مہینہ (وہ ہے) جس میں قرآن اُتارا گیا ہے جو لوگوں کے لیے ہدایت ہے اور (جس میں) رہنمائی کرنے والی اور (حق و باطل میں) امتیاز کرنے والی واضح نشانیاں ہیں، پس تم میں سے جو کوئی اس مہینہ کو پالے تو وہ اس کے روزے ضرور رکھے اور جو کوئی بیمار ہو یا سفر پر ہو تو دوسرے دنوں (کے روزوں) سے گنتی پوری کرے، ﷲ تمہارے حق میں آسانی چاہتا ہے اور تمہارے لیے دشواری نہیں چاہتا، اور اس لیے کہ تم گنتی پوری کر سکو اور اس لیے کہ اس نے تمہیں جو ہدایت فرمائی ہے اس پر اس کی بڑائی بیان کرو اور اس لیے کہ تم شکر گزار بن جاؤ۔‘‘مزید ان کا کہنا تھا۔حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جب رمضان کا مہینہ آتا ہے تو آسمان کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں اور شیاطین کو زنجیروں سے جکڑ دیا جاتا ہے۔ مزید انہوں نے مرحومین (فوت شدگان) کے حوالے سے خطاب میں کہا ایصالِ ثواب کرنا ان کے لیے زندوں کا بہترین تحفہ ہے، جس سے نہ صرف ان کے درجات بلند ہوتے ہیں بلکہ انہیں قبر میں سکون اور نیکیوں کا ثواب پہنچتا ہے۔ یہ عمل اللہ کے ہاں پسندیدہ ہے اور مرحومین کے لیے مغفرت اور بخشش کا ذریعہ بنتا ہے۔
افطار سے قبل خصوصی دعا کی گئی جس میں امت مسلمہ تمام مسلمانوں کے لیے اور سید فخر شاہ کی والدہ مرحومہ کے لیے خصوصی دعائیں کروائی گئی۔ بعد از سید فخر شاہ کی جانب سے تمام لوگوں کا افطاری میں انے کا شکریہ ادا کیا گیا۔

![]()

