ہاکی انڈیا کے آفیشل نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے بھارت میں ہونے والے ہاکی ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔
ہاکی انڈیا کے آفیشل نے پاکستان ہاکی ٹیم کی ایشیا کپ میں شرکت کے معاملے پر بھارتی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم بھارت میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت نہیں کرے گی۔
ہاکی انڈیا کے آفیشل کا دعویٰ ہے کہ بھارتی حکومت پاکستان ہاکی ٹیم کو ویزے جاری کرنے کے لیے رضا مند بھی تھے لیکن پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر بھارت سفر کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔
ایشیا کپ 29 اگست سے 7 ستمبر تک بھارت کے شہر راج گیر میں شیڈولڈ ہے۔
ہاکی انڈیا کے آفیشل کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بدھ کو ایشین ہاکی فیڈریشن کو خط لکھا جس میں کہا گیا ہے سکیورٹی کی وجہ سے ایشیا کپ میں مقابلہ نہیں کر سکتے۔
ہاکی انڈیا کے آفیشل نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اب ہم نے بنگلا دیش کو ٹورنامنٹ میں شرکت کا دعوت نامہ بھجوا دیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کی نومبر ، دسمبر میں بھارت میں ہونے والے جو نیئر ہاکی ورلڈ کپ میں بھی شرکت غیر یقینی ہے۔