دبئی: قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہےکہ پاک بھارت میچ کے لیے کسی خاص ہدایت کا انتظار نہیں تھا بس ٹیم کی توجہ اپنے گیم اور کارکردگی پر مرکوز ہوگی۔
دبئی میں ٹرافی کی رونمائی ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے کی اور اس موقع پر ٹیموں کے کپتان وہاں موجود تھے۔
اس موقع پر پریس کانفرنس میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ میدان میں اگر کوئی ٹیم یا کھلاڑی جذبات دکھائے تو ہم بھی تیار ہیں۔
سلمان علی آغا نے صحافی کے سوال کے جواب میں بتایا کہ پاک بھارت میچ کے لیے کسی خاص ہدایت کا انتظار نہیں تھا، بس ٹیم کی توجہ اپنے گیم اور کارکردگی پر مرکوز ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ میچ کے دوران فاسٹ بولرز ہی جذبات اور جارحانہ مزاج دیکھنے کے ذمہ دار ہوں گے، موجودہ حالات میں ٹیم کے لیے کوئی خصوصی ہدایات نہیں ہیں، بس یہ ہدف ہے کہ ہر میچ میں 100 فیصد پرفارم کیا جائے، سہ فریقی سیریز میں حاصل کی گئی فتح نے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے اور ایشیا کپ میں ٹیم مکمل طور پر تیار ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک ٹیم کی طرح اچھا پرفارم کیاہے اور آگے بھی ایسا ہی کرنے کی کوشش کریں گے، ایشیا کپ میں ہر چیلنج کو قبول کرتے ہیں، کافی پر اعتماد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو دبئی میں کھیلنے کا تجربہ ہے، ٹی ٹوئنٹی میں کسی کو فیورٹ نہیں کہا جا سکتا، ایک سے دو اوورز کھیل کو تبدیل کر سکتے ہیں، تین ملکی سیریز سے ہمیں ایشیا کپ کی تیاری کا اچھا موقع ملا۔
اس موقع پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کا کہنا تھا کہ فارمیٹ میں کوئی بھی ٹیم غیر معمولی پرفارم کرسکتی ہے، ہم ٹی ٹوئنٹی کافی عرصے بعدکھیل رہے ہیں ،کوشش کررہے ہیں کہ یہاں اچھا پرفارم کرسکیں۔
افغانستان کے کپتان راشد خان نے کہا کہ ہم سخت محنت کریں گے، ہمارے لیے ٹورنامنٹ اہم ہے، سو فیصد پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے، ہم پوری کوشش کررہے ہیں، بڑے ٹورنامنٹس میں جیت کے خواہشمند ہیں۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 کا آج سے متحدہ عرب امارات میں آغاز ہورہا ہے جہاں افتتاحی میچ ہانگ کانگ اور افغانستان کے درمیان میچ سے ہورہا ہے۔
اس مرتبہ یہ ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا جارہا ہے، اس سے قبل 2016 اور 2022 میں بھی یہ ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا گیا تھا۔