*پاک سینٹر مسجد المدینہ ویانا میں ختم قرآن کریم ام المؤمنین حضرت سيدتنا خديجة الكبرى رضى الله تعالى عنها کے ایصال ثواب کے سلسلے میں محفل و افطار*۔۔۔۔
آسٹریا (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔رپورٹ ۔۔۔محمد عامر صدیق ویانا) پی ایف اے کے صدر اور اسلامک اسکالر علامہ غلام مصطفیٰ بلوچ اور محسن بلوچ کی جانب سے ام المؤمنین حضرت سيدتنا خديجة الكبرى رضى الله تعالى عنها اور ان کے والدین کی روح کے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی قرآن خوانی اور اجتماعی فاتحہ خوانی کا اہتمام پاک سینٹر مسجد المدینہ 21 ڈسٹرکٹ میں کیا گیا ۔جس میں اسلامی نظریاتی کونسل آسٹریا کے سابق صدور، ترکی،عربی اور پاکستانی کمیونٹی کی مختلف تنظیموں سیاسی ومذہبی و سماجی شخصیات،اسٹریا بھر کے مختلف شہروں سالزبرگ سے پاکستانی کاروباری شخصیت چودری غلام مصطفی گجر، چوہدری اظہر ورک اور پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کرکے قرآن خوانی اور زکر نعت کی محفل میں شرکت کی۔ قرآن خوانی کے بعد زکر نعت محفل کا آغاز علامہ حافظ دلاور کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا ۔گلہائے عقیدت کے پھول یورپ کے معروف نعت خواں غلام مصطفی نعیمی نے پیش کئے۔
اس موقع پر اپنے خصوصی خطاب میں علامہ غلام مصطفی بلوچ نے ام المؤمنین، محسنۃ الاسلام، حضرت خدیجۃ الکبری (س) کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا محسنہ اسلام اور زوجہ رسول ﷺ ہیں، جن کا احترام اور ایصالِ ثواب ہر مسلمان پر واجب ہے۔ حضرت خدیجہ (س) نے دین اسلام کی تبلیغ کے سلسلے، پرچم توحید کو بلند کرنے اور یکتا پرستی کے پرچار کرنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کیا اور اپنی تمام جانی اور مالی حمایت کے ساتھ اپنی زندگی کی آخری سانس تک، رسول خدا (ص) کا ساتھ دیا اور اسی راہ میں جان کو جان آفرین کے سپرد کر دیا۔ رمضان شریف اور مرحومین کے حوالے سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور مغفرت کا مہینہ ہے، جس میں قرآن کا نزول ہوا اور روزے فرض کیے گئے۔ یہ مہینہ مرحومین کے لیے خصوصی ایصالِ ثواب، صدقہ و خیرات، اور ان کے قضا روزوں کی ادائیگی کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ اس بابرکت مہینے میں عبادت اور دعاؤں کے ذریعے مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق صدوروں نے جرمن زبان میں خطابات کئے اور رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کی۔ آخر میں علامہ حافظ دلاور نے ختم شریف پڑھا۔ازان مغرب اور افطاری اور نمازِ مغرب ادائیگی کے بعد علامہ حافظ دلاور نے ام المؤمنین حضرت سيدتنا خديجة الكبرى رضى الله تعالى عنها اور بلوچ برادران کے والدین اور شرکاء کے لواحقین کیلئے اجتماعی دعا کرائی ۔شرکاء کو افطار ڈنر دیا گیا افطار ڈنر کے بعد علامہ غلام مصطفی بلوچ اور محمد محسن بلوچ نے دعائیہ تقریب میں شرکت کرنے پر عربی،ترکی،اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد کا شکریہ ادا کیا ۔
![]()







