Daily Roshni News

پاک ڈچ نیشنل فورم کے زیر اہتمام  جشنِ آزادی پاکستان کی پر وقار تقریب منعقد کی گئی۔

پاک ڈچ نیشنل فورم کے زیر اہتمام

 جشنِ آزادی پاکستان کی پر وقار تقریب منعقد کی گئی۔

تفصیلی رپورٹ۔۔۔محمد جاوید عظیمی

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹر نیشنل۔۔۔ رپورٹ اور عکاسی ۔۔۔ محمد جاوید عظیمی) وطن عزیز پاکستان کی آزادی کے لئے شاعر مشرق  علامہ ڈاکٹر  محمداقبالؒ نے  خواب دیکھا اور اس خواب کی تعبیر کے حصول کے لئے حضرت قائد اعظم محمد علی جناح ؒکی ولولہ انگیز قیادت میں تحریک آزادی پاکستان کے لئے ہمارے اسلاف اور بزرگوں نے  لاکھوں جانوں کے نذرانے پیش کر کے آزادی حاصل کرلی۔ آج پاکستان آزاد ملک کی حیثیت سے دنیا کے نقشے پر موجود ہے۔ متذکرہ قربانیوں کو خراج پیش کرنے اور وطن عزیز پاکستان کی سلامتی، بقا، خوشحالی  اور آزادی کی ہر ممکن حفاظت  کا اعادہ کرنے کے لئے ہر  سال باقاعدگی سے جشن آزادی پاکستان کی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ان تقریبات میں اسلاف اور بزرگوں کی آزادی کے سلسلے میں دی جانی والی قربانیوں اور اُس وقت پیش آنے والے نامساعد حالات کا تذکرہ کیا جاتا ہے تاکہ پاکستانی نوجوان اپنے آباؤ اجداد کی لازوال قربانیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے پاکستان کی قدر کر سکیں ۔ گزشتہ دنوں بروز جمعرات 21 اگست 2025 کو مذکورہ اغراض و مقاصد کو فروغ دینے کے لئے پاک ڈچ نیشنل فورم کے زیر انتظام و انصرام پاکستان  کا 78ویں یوم آزادی کی تقریب تزک و احتشام سے منعقد کی گئی ، تقریب میں سب سے پہلے قومی ترانہ  بذریعہ آڈیو چلایا گیا، جس کے احترام میں شرکائے تقریب  نے ادب سے کھڑے ہو کر وطن عزیز پا کستان سے  والہانہ محبت کا اظہار کیا۔بعد ازاں تقریب کا با قاعدہ آغاز اللہ تعالٰی کی آخری آفاقی مقدس کتاب قرآن مجید فرقان حمید کی تلاوت سے حافظ منیب احمد قادری نوشاہی نے اپنی دلنشین آواز سے کیا ۔

  مذکورہ فورم کے جنرل سیکرٹری سید اعجاز حسین سیفی نے آج کی پر وقار تقریب میں حاضرین کا شرکت کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے شاندار استقبالیہ کلمات بھی ادا کئے۔ اعجاز سیفی نے حاضرین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کچھ عرصہ سے ہماری تنظیم کی سرگرمیاں تعطل کا شکار رہیں، لیکن اب ہم اپنی نئی ٹیم کے ہمراہ تنظیمی سرگرمیوں کو    باقاعدگی سے منعقد کرنے کے لئے فعال ہو گئے ہیں۔ تاہم  تعطل پر انھوں نے حاضرین سے معذرت بھی کی۔ وطن عزیز پاکستان کے مختلف  رنگوں سے معمور تقریب کی    پہلی مقررہ شہزادی شمسی نے جن پاکستانی کھلاڑیوں نے پاکستان  کا دنیا بھر میں نام روشن کیا ان کا نام لے کر انہیں خراج تحسین پیش کیا جبکہ وطن عزیز سے محبت کا اظہار کرنے کے لئے معروف شاعر احمد ندیم قاسمی کے  اشعار کا سہارا بھی  لیا ۔

چیئر مین ای یو کشمیر کونسل علی رضا سید نے تقریب میں مدعو کرنے پر صمیم قلب سے شکریہ ادا کیا ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ  کشمیر کی آزادی کے لئے مسلسل جدو جہد جاری ہے۔ ہمیں اپنی جدو جہد  کو مزید تحریک دینی ہے جس سے کشمیریوں کو حق خود ارادیت حاصل ہو سکے انھوں نے کشمیر کی آزادی کے لئے جاری تحریک کو زندہ رکھنے پر زور دیا۔

جرمنی سے تشریف لائی ہوئیں بشریٰ جمال نے  اپنے علمی، فکری اور تحقیقاتی خطاب میں دنیا کے مختلف ممالک کی تباہی اور اس کے بعد ان کی بحالی پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ انھوں نے ایک موقعہ پر اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آزادی کی اصل خوشی عوام کی خوشحالی ہے ۔

اس پروقار تقریب کے مہمان خصوصی سفارتخانہ  پاکستان دی ہیگ کے سفیر سید حیدر شاہ نے اپنے خطاب میں مدعو کرنے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شرکائے تقریب کو یوم آزادی پاکستان کی صمیم قلب سے مبارکباد بھی پیش کی ۔

محترم سفیر نے انسانی سوچ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ معروف سائنس دان

آئن سٹائن کے سر پر سیب گرا تو اُس نے عمل رد عمل کا فارمولا دے دیا۔ سوچ مثبت

ہو تو انسانی فلاح و بہبود کے کام سرانجام دیئے جاسکتے ہیں۔  سفیر پاکستان نے ایک موقعہ پر مقامی ولندیزی باشندوں سے ہونے والی گفتگو کے کچھ حصے بیان کئے جن میں تقلیدی عمل نمایاں  تھے ۔سفیر پاکستان نے اپنے خطاب کے اختتام پر  کہا ہم سب کو چاہیے کہ وطن عزیز پاکستان کی ترقی ، سلامتی اور خوشحالی کے لئے کوشاں رہیں اس تقریب کے دوران  استاد اسد علی قزلباش نے وائلن پر پاکستان کے قومی گیت اور

پرانے فلمی گانے بجا کر حاضرین کو محفوظ کیا ۔

پروگرام کے دوران پاک ڈچ نیشنل فورم کے روح رواں سید اعجاز حسین سیفی نے اپنی نئی ٹیم  کو اسٹیج پر مدعو کرکے اس  کا تعارف  کرایا، جبکہ پاکستانی کمیونٹی کی سماجی شخصیات راجہ جاوید اقبال،محمد طارق ، راجہ عابد، ماسٹر کاش مرحوم ، مقصود احمدبٹ  مرحوم کو ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے  اعزازی شیلڈز پیش کیں۔

لذت کام و دہن کے سلسلے میں شرکائے تقریب کی تواضع انواع و اقسام کے پاکستانی کھانوں سے کی گئی۔ اس دوران قاسم علی اور ثاقب علی اور ہمنوا  نےقوالیاں گا کر  کے حاضرین کو مست کر دیا۔ پروگرام کے اختتام پر متذکرہ فورم کے صدر نعیم عارف نے شرکائے تقریب کا شرکت کرنے پر تہہ  دل سے شکریہ ادا کیا۔ اس طرح یہ پر رونق تقریب شرکا کے ذہنوں پر اپنی یادوں کے انمٹ نقوش ثبت کر کے  اختتام پذیر ہو گئی۔

رپورٹ۔۔۔محمد جاوید عظیمی

Loading