Daily Roshni News

پردیس میں ہوئے اکٹھے،  دیسی پردیسی منانے پکنک

پردیس میں ہوئے اکٹھے،  دیسی پردیسی منانے پکنک

استنبول، ترکیے، (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نامہ نگار خصوصی، سید رضوان حیدر بخاری)ترکیے کے شہر استنبول میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے ہفتے کے اختتام پر ایک خوبصورت اور یادگار ہائی ٹی پکنک کا انعقاد کیا، جس میں ہر عمر کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ اس پکنک کا اہتمام استنبول کے خوبصورت پارک میں کیا گیا جہاں سے ایسن یورت (Esenyurt) ڈسٹرکٹ کے دلکش اسکائی لائن کے نظارے اس موقع کو اور بھی حسین بنا رہے تھے۔

اس رنگا رنگ تقریب میں پاکستانی فیملیز، طلبہ اور مختلف پیشوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی اور وطن کی روایتی مہمان نوازی کے ساتھ بھرپور لطف اٹھایا۔ چائے، سموسے، پکوڑے، سینڈوچز، جلیبی اور بریانی کی خوشبو نے ماحول کو مزید خوشگوار بنا دیا۔ سبھی لذیذ پکوان لوگ خود گھروں سے تیار کر کے لائے تھے۔

بچوں اور بڑوں دونوں کے لیے مختلف کھیلوں کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا، جن میں، کرکٹ، فٹبال اور دیگر دماغی ذہانت کے استعمال کی دلچسپ سرگرمیاں شامل تھیں۔

ابر آلود موسم، ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیںں، بچوں کی قلقاریوں  اور بڑوں کی پرجوش شرکت نے اس پکنک کو یادگار بنا دیا۔ ہر طرف خوشگوار ماحول اور قہقہوں کی گونج سنائی دیتی رہی۔

تقریب کے منتظمین کا کہنا تھا کہ ایسے پروگرام نہ صرف وطن سے دور رہنے والے پاکستانیوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں بلکہ نئی نسل کو اپنی ثقافت اور روایات سے بھی روشناس کراتے ہیں۔

ایک بزرگ کمیونٹی ممبر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا:

“یہ مواقع ہمیں اپنی پہچان کو زندہ رکھنے اور اپنی نسلوں کو اپنی جڑوں سے جوڑے رکھنے کا موقع دیتے ہیں۔”

اس موقع پر نئے آنے والے پاکستانیوں کو کمیونٹی کے پرانے افراد سے ملنے اور نیٹ ورک بنانے کا بھی موقع ملا، جس سے باہمی تعلقات کو مزید تقویت ملی۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے گروپ فوٹو بنوائے، آئندہ مزید ایسی تقریبات منعقد کرنے کا عزم کیا، اور وطن سے دور اس دیار میں ایک دوسرے کے ساتھ جڑے رہنے کی خوشگوار یادیں سمیٹیں۔

Loading