امریکا کی حکمران جماعت ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر ٹیڈکروز نے مقتول مسلمان پولیس افسر کے جنازے میں اسکارف پہن کر شرکت کرنے پر نیو یارک کی خاتون گورنر کیتھی ہوچل(KATHY HOCHUL) کو نتقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے 31 اگست کو مقتول پولیس افسر دیدار الاسلام کے جنازے میں شرکت کی تھی اور مسجد میں داخل ہوتے وقت انہوں نے مذہبی احترام میں کالے رنگ کا اسکارف بھی سر پر رکھا تھا۔
ریپبلکن سینیٹر ٹیڈ کروز نے کیتھی ہوچل کی اسکارف والی تصویر کا مذاق اڑایا تھا اور سوشل میڈیا پر ان کے لیے UM WUT کے الفاظ لکھے تھے۔
گورنر کیتھی ہوچل نے ٹیکساس کے سینیٹر ٹیڈ کروز کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی مہذب شخص اس افسر کے مسلم عقیدے کا احترام کرے گا، تھوڑی سی بھی شائستگی رکھنے والے لیڈرز اس پولیس افسر کا احترام کریں گے۔
نیو یارک میں 28 جولائی کو ایک مسلح شخص کی اندھا دھند فائرنگ سے پولیس اہلکار دیدار الاسلام سمیت 4 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا، جبکہ حملہ آور نے بھی خود کشی کر لی تھی۔