پیرس فیشن ویک میں معروف فیشن ڈیزائنر ایمان آئسی نے دکھائی خوبصورت رنگوں کی بہار ۔
ایمان آئسی نے خوبصورت اور منفرد رنگوں سے تیار کردہ ملبوسات کی نمائش کی۔
ایمان آئسی پہلا افریقن فیشن ڈیزائنر جو پیرس فیشن ویک کا حصہ بنا،
فرانس ( ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ نمائندہ خصوصی ۔۔۔ منیر احمد ملک )فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مرکز میں ایک خوبصورت فیشن شو کا اہتمام کیا گیا۔ فیشن شو کا اہتمام کیمرون نژاد فرانسیسی فیشن ڈیزائنر ایمان آئسی نے کیا۔ فیشن شو میں ایمان آئسی نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے شوخ اور ہلکے رنگ کے کپڑوں سے تیار کردہ خوبصورت ، بیش قیمت اور منفرد ملبوسات کے اچھوتے ڈیزائنوں کو متعارف کرایا، خوبصورت اور نازک اندام ماڈلز نے جب ڈیزائنر کے تیار کردہ بیش قیمت خوبصورت اور اچھوتے اسٹائل کے ملبوسات پہن کر ریمپ پر کیٹ واک کی تو حاضرین پلکیں جھپکانا بھول گئے۔ ملبوسات کی خوبصورتی اور انفرادیت نے حاضرین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ،
ڈیزائنر نے افریقی اور یورپی فیشن ثقافت اور فطرت کی خوبصورتی کو ایک ہی شو میں سمودیا۔
ایمان آئسی کے ملبوسات کی کولیکشن کو حاضرین نے بہت پسند کیا اور دل کھول کر داد دی۔ ڈیزائنر ایمان آئسی کے اس فیشن شو میں کیمرون اور دیگر ممالک کے سفارتکاروں ، فیشن ، فلم اور ٹی وی کی اہم شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ رپورٹ منیر احمد ملک بیورو چیف پیرس فرانس