پیرس فرانس۔ پیپلز پارٹی وویمن ونگ کے زیر اہتمام شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی 18 ویں برسی نہایت عقیدت اور والہانہ محبت کے ساتھ منائی گئی
زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بھرپور شرکت
پیرس فرانس۔ (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ نمائندہ خصوصی ۔۔۔ منیر احمد ملک )پاکستان پیپلز پارٹی وویمن ونگ فرانس کی صدر محترمہ روحی بانو کے زیر صدارت پیرس کے نواحی علاقے گارج لے گونس میں دختر مشرق پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم اور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی 18 ویں برسی دلی جذبوں کے ساتھ منائی گئی
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سے ہوا
بے نظیر بھٹو کے ایصال ثواب کے لیئے 3 قرآن پاک اور 72 دفعہ سورت یاسین پڑھی گئی
بے نظیر بھٹو ، ذوالفقار علی بھٹو نصرت بھٹو مرتضی بھٹو شاہنواز بھٹو کی مغفرت بلند درجات اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیئے خصوصی دعا کی گئی
تمام جیالیوں فرحت عاشق فرح کریم ، سعادیہ ، رابعہ مبشرہ ، زرینہ ، سعادیہ واصف ، ناصرہ خان ستارہ شکیل ، آسیہ شہزاد نے پھولوں اور موم بتیاں جلا کر بے نظیر بھٹو سے آپنی عقیدت اور والہانہ محبت کا اظہار کیا
سینئر صحافی اور کوہ نور ٹی وی کی بیورو چیف ناصرہ خان ۔ پیرس کی معروف فیشن ڈیزائنر نیناں خان اور پاکستان پیپلز پارٹی وویمن ونگ فرانس کی جنرل سیکرٹری سارہ کرن نے زبردست انداز میں بے نظیر بھٹو کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا
روحی بانو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ
آج 27 دسمبر کا دن تاریخِ پاکستان کا ایک ایسا المناک باب ہے جس نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا۔ آج ہم دخترِ مشرق، عالمِ اسلام کی پہلی منتخب خاتون وزیرِاعظم، جمہوریت کی علمبردار اور قربانی کی عظیم مثال محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 18ویں برسی منا رہے ہیں۔
محترمہ بے نظیر بھٹو صرف ایک سیاسی رہنما نہیں تھیں، وہ ایک نظریہ تھیں، ایک حوصلہ تھیں، اور ایک امید تھیں۔ انہوں نے آمریت کے اندھیروں میں جمہوریت کا چراغ جلایا، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، جلاوطنی کا کرب سہا، مگر کبھی اپنے اصولوں اور عوام سے رشتہ کمزور نہ ہونے دیا۔
وہ خواتین کے حقوق کی توانا آواز تھیں، نوجوانوں کے لیے امید کا پیغام تھیں اور محروم طبقات کے لیے ڈھال بن کر کھڑی رہیں۔ ان کی شہادت اس بات کی گواہ ہے کہ وہ اقتدار کے لیے نہیں بلکہ عوام کے مستقبل کے لیے میدان میں تھیں۔
محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی جان دے کر ہمیں یہ سبق دیا کہ
قومیں قربانیوں سے زندہ رہتی ہیں اور جمہوریت جدوجہد سے پروان چڑھتی ہے۔
آج ہم ان کی برسی پر یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم نفرت کے بجائے برداشت، مایوسی کے بجائے امید، اور خاموشی کے بجائے حق کی آواز بلند کریں گے۔ یہی محترمہ بے نظیر بھٹو کو سچی خراجِ عقیدت ہے۔
آج بھی جیالوں کے دلوں میں ایک کی نعرہ گونجتا ہے
” جمہوریت ہماری پہچان ہے ، بے نظیر ہماری شان ہے “
اللہ تعالیٰ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ہمیں ان کے خوابوں کا پاکستان بنانے کی توفیق دے۔
![]()













