Daily Roshni News

پی ایس ایل آکشن مکمل: کون سی ٹیم کتنی مضبوط؟

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے لیے تمام آٹھ فرنچائزز نے اپنے اسکواڈز حتمی شکل دے دی ہے۔ لیگ کا نیا سیزن 26 مارچ سے 3 مئی تک کھیلا جائے گا، اور یہ پی ایس ایل کی تاریخ کی پہلی باقاعدہ نیلامی تھی جس نے پرانے ڈرافٹ سسٹم کی جگہ لی، جس کے بعد شائقین کے لیے مقابلے اور بھی دلچسپ اور سنسنی خیز بن بنیں گے۔

پی ایس ایل میں دو نئی ٹیموں کو شامل کی گیا ہے جن میں سیالکوٹ اسٹیلیئنز اور حیدرآباد کنگزمین شامل ہیں۔ پرانی چھ فرنچائزز کو صرف چار کھلاڑی برقرار رکھنے کی اجازت تھی، جس سے نیلامی کے عمل میں تجسس اور بھی بڑھ گیا۔

تین بار کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے آل راؤنڈر فہیم اشرف کو 8 کروڑ 50 لاکھ روپے میں حاصل کیا۔ اس کے علاوہ مارک چیپمین، محمد وسیم جونیئر اور میکس برائنٹ اسکواڈ کا حصہ بنے، جبکہ عماد وسیم، رچرڈ گلیسن، شمر جوزف اور حیدر علی نے بولنگ اور مڈل آرڈر کو مضبوط کیا۔

کراچی کنگز نے ڈیوڈ وارنر کو 7 کروڑ 90 لاکھ روپے میں خریدا، جبکہ سلمان علی آغا، ایڈم زمپا، اعظم خان، جانسن چارلس اور میر حمزہ کی شمولیت سے ٹیم کو متوازن کمبی نیشن حاصل ہوا۔

لاہور قلندرز نے حارث رؤف کو 7 کروڑ 60 لاکھ اور فخر زمان کو 7 کروڑ 95 لاکھ روپے میں دوبارہ حاصل کیا۔ اسامہ میر، عبید شاہ، داسن شناکا اور گڈاکیش موتی کی شمولیت سے ٹیم مزید مضبوط ہوئی۔

راولپنڈی فرنچائز نے نیلامی کی سب سے بڑی بولی لگاتے ہوئے نسیم شاہ کو 8 کروڑ 65 لاکھ روپے میں خریدا، جبکہ ڈیرل مچل 8 کروڑ 5 لاکھ روپے میں شامل ہوئے۔ محمد عامر، رشاد حسین اور آصف آفریدی نے بولنگ لائن اپ کو مزید طاقت دی۔

پشاور زلمی نے مائیکل بریسویل اور کوسل مینڈس کو 4 کروڑ 20 لاکھ روپے فی کس میں حاصل کیا۔ جیمز ونس اور محمد حارث کی شمولیت سے بیٹنگ کا شعبہ مضبوط ہوا، جبکہ عامر جمال اور خرم شہزاد پیس اٹیک کے لیے منتخب کیے گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے رائلی روسو کو 5 کروڑ 55 لاکھ اور ٹام کرن کو 4 کروڑ 20 لاکھ روپے میں خریدا۔ خواجہ محمد نافع 6 کروڑ 50 لاکھ میں نمایاں خریدار رہے، جبکہ جہانداد خان، عرفات منہاس اور فیصل اکرم بھی اسکواڈ کا حصہ بنے۔

نئی فرنچائز حیدرآباد ہیوسٹن کنگزمین نے ریلی میریڈتھ (4 کروڑ 20 لاکھ) اور کوسل پریرا (3 کروڑ 10 لاکھ) کے ساتھ مضبوط ٹیم ترتیب دی۔ صائم ایوب سب سے زیادہ مہنگے کھلاڑی ثابت ہوئے جنہیں 12 کروڑ 60 لاکھ روپے میں خریدا گیا۔ محمد علی، محمد عرفان خان، حسن خان اور شرجیل خان بھی ٹیم میں شامل ہوئے۔

سیالکوٹ اسٹیلیئنز کی نیلامی میں سب سے بڑی توجہ صاحبزادہ فرحان پر تھی، جنہیں 5 کروڑ 70 لاکھ روپے میں خریدا گیا۔ ایشٹن ٹرنر اور جوش فلپ بیٹنگ میں مددگار ثابت ہوں گے، جبکہ تبریز شمسی اور پیٹر سڈل بولنگ اٹیک کی قیادت کریں گے۔

یہ تاریخی نیلامی نہ صرف لیگ کے ڈھانچے میں بڑی تبدیلی کی عکاس ہے بلکہ آئندہ سیزن کے سخت اور دلچسپ مقابلوں کی بنیاد بھی رکھتی ہے۔

Loading