Daily Roshni News

پی ایس ایل: پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 159رنز سے ہراکر تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کرلی

کراچی: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) 11 کے 17 ویں میچ میں پشاور  زلمی نے کراچی کنگز کو 159 رنز کے بڑے مارجن  سے  ہراکر ایونٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کرلی۔

کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پشاور زلمی نے بابر اعظم اور کوشال مینڈس کی شاندار اننگز کی بدولت کراچی کنگز کو جیت کیلئے 247 رنز کا ہدف دیا۔

کوشال مینڈس نے 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ بابر اعظم 51 گیندوں پر 87 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

بابر اعظم اور کوشال مینڈس کے درمیان پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی شراکت داری قائم ہوئی۔ اس جوڑی نے دوسری وکٹ پر 191 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔

اس کے علاوہ عبدالصمد نے 12 گیندوں پر 40 رنز بنائے جس میں 3 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کراچی کنگز کی ٹیم 247 رنز کے ہدف کے جواب میں 87 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔کراچی کنگز کے اعظم خان 25 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے ناہید رانا، افتخار احمد اور سفیان مقیم نے3،3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔

خیال رہے کہ پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 159رنز سے ہرا کر پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے بڑے مارجن سے شکست دی ہے۔

Loading