Daily Roshni News

پی ٹی آئی نے فرح گوگی سے دوری اختیار کرتے ہوئے غیرمتعلقہ قرار دے دیا

پاکستان تحریک  انصاف (پی ٹی آئی) نے فرح شہزادی عرف فرح گوگی سے دوری اختیار کرتے ہوئے غیرمتعلقہ کردار  قرار دے دیا۔

ایک بیان میں ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ افسانے تراشنےکے بجائے کسی کا کوئی جرم ہے تو  عدالت میں ثابت کیا جائے، جو کام 200 کے قریب  جھوٹے مقدمات  نہ  کرسکے وہ کرپشن کی فرضی کہانیوں سے بھی نہ ہوگا۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ  ٹیوب سیاسی جماعتوں  سے وابستہ کردار قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے نکلے ہیں، آئین، قانون اور  جمہوریت کو موت  کے گھاٹ اتارنے والوں کی اینٹی کرپشن مہم  بیہودہ  لطیفے سے کم  نہیں ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نےکہا ہےکہ  شکست خوردہ  عناصر سازشوں کے بجائے قانون کا احترام کریں  اور  انتخاب پر ڈاکا ڈالنےکا مجرمانہ  ایجنڈا ترک کریں۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کی تین سالہ حکومت کے دوران کرپشن کی ہوشربا داستان سامنے آئی ہے جس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی فرنٹ پرسن فرح گوگی کی کرپشن کی حیران کردینے والی کہانی سامنے آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فرح گوگی کے ظاہری اور غیرظاہری اثاثوں میں2017 سے 2020 تک 4520 ملین روپے کا اضافہ ہوا ہے اور فرح گوگی 2020 میں 950 ملین روپے کے اثاثوں کو خود تسلیم کرتی ہیں جب کہ فرح گوگی کے غیر ظاہری مگر ملکیتی اثاثے 3825 ملین روپے ہیں۔

فرح گوگی کے صرف تین سالوں میں ظاہری اثاثوں میں 420 فیصد اور غیرظاہری اثاثوں میں 15300 فیصد اضافہ ہوا، یہ اثاثے فرح گوگی کی ذاتی ملکیت ہیں جب کہ احسن جمیل گجر اور باقی رشتے داروں اور حصے داروں کے اثاثے اس کے علاوہ ہیں، ایس ای سی پی کے ریکارڈ کے مطابق فرح گوگی کئی کمپنیوں میں حصے دار ہیں۔

Loading