Daily Roshni News

پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دینے سے متعلق رانا ثنا اللہ کا اہم بیان سامنے آگیا

 

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا پاکستان تحریک انصاف کو کالعدم جماعت قرار دینے سے متعلق اہم بیان سامنے آگیا۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دینے کیلیے ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں، ان ثبوتوں کی بنیاد پر کالعدم قرار دینے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 9 مئی کا سانحہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا، عمران خان نے جتھہ تیار کیا اور وہ اسی کو ہی لے ڈوبا، عمران خان نے ایک سال تیاری کے بعد جتھوں کو ٹارگٹس دیے جس کے ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ زمان پارک میں 250 افغان شہری عمران خان کی حفاظت کر رہے تھے، یہ جتھے افغان شہری تھے ان کو پیٹرول بم سمیت دیگر ٹریننگز دی گئیں، اب بھی کچھ لوگ زمان پارک کے اردگرد کے گھروں میں موجود ہیں، ان جتھوں میں ریٹائرڈ افراد بھی موجود تھے جس کے ثبوت موجود ہیں، ان سب کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود کو اور پارٹی کو حادثے سے دوچار کر دیا، شہزاد اکبر نے پراپرٹی ٹائیکون سے ڈیل کی جس کے ثبوت موجود ہیں، 460 ارب کی ڈیل کی تحقیقات ہونی چاہئیں، عمران خان نے کابینہ کو دھوکے میں رکھ کر بند لفافے کی منظوری لی، ڈیل میں سب سے اہم کردار عمران اور کابینہ کا ہے سب کو جواب دینا ہوگا۔

Loading