ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل)ناسا کا چاند کے مدار میں خلابازوں کو لے کر جانے کا مشن تکنیکی خرابی کی وجہ سے کم از کم ایک ماہ تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔ 2 فروری کو SLS راکٹ میں 7 لاکھ گیلن مائع آکسیجن اور ہائیڈروجن (ایندھن) بھرا گیا لیکن 3 سال پرانا مسئلہ دوبارہ سے سامنے آگیا۔
آپ کو شاید یاد ہو کہ جب آرٹیمس اول لانچ (نومبر 2022) ہوا تھا اس وقت بھی اس راکٹ میں ہائیڈروجن لیکج کا مسئلہ آیا تھا جس کو حل کرنے میں کافی وقت لگا تھا۔ 3 سال گزرنے کے باوجود ناسا اس مسئلہ کو حل نہ کرسکا (یعنی اس جیسا مسئلہ دوبارہ آنا تھوڑا غیر متوقع ہے)۔ اس آرٹیمس راکٹ کے
TSMU (tail service mast umbilical )quick disconnect
والی جگہ سے فیول لیکج کو رپورٹ کیا گیا ہے جو لمٹ سے زیادہ ہے۔
یہ ٹیسٹ ہے کیا؟
راکٹ سائنس کی دنیا میں Wet Dress Rehearsal (WDR) ایک انتہائی اہم اور آخری بڑے ٹیسٹ کو کہا جاتا ہے جو اصل لانچ سے کچھ دن پہلے کیا جاتا ہے۔ سادہ لفظوں میں یہ “فائنل ریہرسل” ہے جس میں سب کچھ کیا جاتا ہے، سوائے راکٹ کے انجن کو آگ لگانے (Ignition) کے۔
اسے “Wet” اس لیے کہا جاتا ہے کیونکہ اس میں راکٹ کے ٹینکوں میں انتہائی ٹھنڈا مائع ایندھن (Liquid Fuel) اور آکسیڈائزر بھرا جاتا ہے۔
ایک WDR کے دوران درج ذیل اقدامات کیے جاتے ہیں:
» کاؤنٹ ڈاؤن کی مشق: بالکل ویسے ہی جیسے لانچ والے دن سیکنڈز گنے جاتے ہیں، پوری ٹیم اپنی اپنی پوزیشن سنبھالتی ہے۔
» ایندھن بھرنا: راکٹ میں مائع آکسیجن اور ہائیڈروجن (یا جو بھی ایندھن ہو) بھرا جاتا ہے۔ یہ چیک کیا جاتا ہے کہ کیا پائپوں میں کوئی لیکج تو نہیں؟
» کمیونیکیشن سسٹم کی جانچ: زمین پر موجود کنٹرول روم اور راکٹ کے درمیان سگنلز کا تبادلہ چیک کیا جاتا ہے۔
» ٹی – زیرو (T-0) پر رکنا: کاؤنٹ ڈاؤن کو بالکل آخری سیکنڈز (عموماً انجن اسٹارٹ ہونے سے چند سیکنڈ پہلے) پر روک دیا جاتا ہے تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ کیا “ابارٹ” (لانچ روکنے) کا سسٹم صحیح کام کر رہا ہے۔
یہ ٹیسٹ کیوں ضروری ہے؟
» ایندھن کا درجہ حرارت:
مائع ایندھن انتہائی ٹھنڈا ہوتا ہے، جس کی وجہ سے راکٹ کی دھات (Metal) سکڑتی ہے۔ WDR سے پتہ چلتا ہے کہ راکٹ اس دباؤ کو برداشت کر پا رہا ہے یا نہیں۔
» ٹیم کی تیاری:
اس سے انجینئرز اور لانچ ڈائریکٹرز کی مشق ہو جاتی ہے کہ اگر عین وقت پر کوئی خرابی پیدا ہو تو اسے کیسے سنبھالنا ہے۔
» سیفٹی چیک:
اگر ایندھن بھرنے کے دوران کوئی بڑا مسئلہ نظر آ جائے، تو اسے لانچ والے دن کی افراتفری سے پہلے ہی حل کر لیا جاتا ہے۔
جب یہ ٹیسٹ کامیابی سے مکمل ہو جاتا ہے، تو ایندھن کو دوبارہ نکال لیا جاتا ہے اور راکٹ کو لانچ کے لیے “کلین چٹ” مل جاتی ہے۔ راکٹ لانچ ابھی بھی بہت پرخطر کام ہے اس لیے ایک ایک ٹیسٹ انتہائی اہم ہوتا ہے۔
(ثاقب علی)
#astrosaqi
#ArtemisII
#NASA
#MoonMission
#astronomy
#ثاقب_علی
#science
![]()

