Daily Roshni News

کائنات کی تاریخ کا سب سے قدیم بلیک ہول دریافت۔۔۔ تحریر  ۔۔۔ حمزہ زاہد

کائنات کی تاریخ کا سب سے قدیم بلیک ہول دریافت

تحریر  ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ حمزہ زاہد

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ کائنات کی تاریخ کا سب سے قدیم بلیک ہول دریافت۔۔۔ تحریر  ۔۔۔ حمزہ زاہد)حالیہ دنوں میں فلکیات دانوں نے جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ (James Webb Space Telescope) کی مدد سے ایک حیران کن دریافت کی ہے۔ یہ دریافت ایک ایسے قدیم بلیک ہول کی ہے جو ایک کہکشاں کے مرکز میں موجود ہے، جس کا نام CAPERS-LRD-z9 رکھا گیا ہے۔ یہ بلیک ہول بگ بینگ (Big Bang) کے صرف 470 ملین سال بعد تشکیل پایا تھا۔

یہ بلیک ہول زمین سے تقریباً 13.3 بلین نوری سال کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس کی کمیت ہمارے سورج سے 300 ملین گنا زیادہ ہے، جو اسے ایک نہایت ہی عظیم الجثہ بلیک ہول بناتی ہے۔ یہ کہکشاں اس گروہ سے تعلق رکھتی ہے جسے “لٹل ریڈ ڈاٹس” (Little Red Dots) کہا جاتا ہے — چھوٹی، سرخ اور غیر متوقع طور پر روشن کہکشائیں۔

تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ یہاں گیس روشنی کی رفتار کے قریب ترین رفتار (Relativistic Speeds) سے حرکت کر رہی ہے۔ یہ عمل بلیک ہول کی سرگرمی کی سب سے بڑی علامت مانا جاتا ہے۔ مزید اہم بات یہ ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا بلیک ہول ہے جس کی تصدیق سپییکٹروسکوپی (Spectroscopy) کے ذریعے کی گئی ہے۔

یہ دریافت فلکیات کے موجودہ نظریات کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ موجودہ ماڈلز یہ سمجھانے سے قاصر ہیں کہ اتنے بڑے بلیک ہولز اتنی کم مدت میں کیسے تشکیل پا سکتے ہیں۔ سائنس دانوں کا ماننا ہے کہ یا تو یہ بلیک ہولز انتہائی تیزی سے نشوونما پاتے ہیں، یا پھر یہ اپنی پیدائش کے وقت ہی موجودہ نظریات سے کہیں زیادہ بڑے اور بھاری بھرکم ہوتے ہیں۔

یہ سنگِ میل کائنات میں کہکشاؤں کے آغاز اور ارتقاء کو سمجھنے کے لیے نہایت اہم قدم ہے۔ یہ ہمیں بتاتا ہے کہ کائنات کی ابتدائی تاریخ میں بلیک ہولز اور کہکشاؤں کا رشتہ کس قدر گہرا تھا۔ اس تحقیق سے مستقبل میں گلیکسی ایوولیوشن (Galaxy Evolution) کے بارے میں نئی راہیں کھلنے کی امید ہے۔

تحریر:  حمزہ زاہد۔

استفادہ: دی سیکرٹس آف دی یونیورس، فیس بک پیج.

نوٹ: اس طرح کی مزید معلوماتی پوسٹس کیلئے مجھے فالو کریں۔ براہِ مہربانی اگر اس پوسٹ کو کاپی پیسٹ کریں تو اصل لکھاری کا نام ساتھ ضرور لکھیں۔

Loading