کراچی میں ڈالرز مافیا کی جانب سے 50 ملین سے زائد امریکی ڈالرز گھروں میں چھپائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
اس سلسلے میں حساس ادارے شبانہ روز تحقیقات کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے مختلف بینکوں اور منی چینجرز کا ریکارڈ حاصل کررکھا ہے اور امریکی ڈالر سمیت دیگر غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کی فہرستیں بھی مرتب کرلی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق غیر ملکی کرنسی کو انویسٹمنٹ سمجھ کر خریدنے والے کراچی کے بڑے مگر مچھوں نے تاحال 50 ملین سے زائد امریکی ڈالرز اور دیگر غیر ملکی کرنسی واپس جمع نہیں کرائی ہے۔
ایسے مافیاز کی فہرستوں میں شامل افراد کراچی کے اولڈ سٹی ایریا کے علاقے لیاری، کھارادر، میٹھادر، صدر، باتھ آئی لینڈ، کلفٹن، ڈیفنس اور دیگر علاقوں کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں مرتب فہرستوں میں شامل افراد کے گھروں پر ٹارگٹڈ کارروائیاں شروع کی جاچکی ہیں۔