کراچی: پولیس نے نوجوان پر تشدد کیس میں نامزد سلمان فاروقی پر مقدمہ ختم کردیا۔
کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ڈیفنس میں نوجوان پر تشدد کے مقدمے کی سماعت ہوئی جس دوران پولیس نے مقدمے سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا۔
دوران سماعت پولیس نے بتایا کہ تشدد کیس میں نامزد سلمان فاروقی کے خلاف مقدمہ ختم کردیا جب کہ گزری پولیس نے مقدمہ ختم کرنےکی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرائی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق متاثرہ نوجوان دھیرج عرف دھن راج ملزمان کے خلاف کارروائی نہیں چاہتا اور اس نے لکھ کردیا کہ ملزمان نے اس سے یا اس کی بہن سےکوئی بدتمیزی نہیں کی۔
پولیس رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ مدعی کے حلفیہ بیان پر جان سے مارنے کی دھمکی اور دیگر الزامات ختم کردیے ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے پولیس کی رپورٹ ریکارڈ کا حصہ بناکر سماعت ملتوی کردی۔
واقعے کا پس منظر
واضح رہےکہ گزشتہ ماہ ڈیفنس میں موٹرسائیکل سوار کو بہنوں کے سامنے تشدد کا نشانہ بنانے پر ملزم سلمان فاروقی کو گرفتار کیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ ڈیفنس خیابان اتحاد میں شہری نے خود ہی عدالت لگالی اور مبینہ طور پر موٹرسائیکل ٹکرانے پر کار سوار شخص سلمان فاروقی نے نوجوان پر اُس کی بہنوں کے سامنے تشدد کیا۔
موٹرسائیکل سوار شخص کی بہنوں کی منت سماجت کے باوجود ملزم سلمان فاروقی نے موٹرسائیکل سوار کو نہیں چھوڑا۔
بعد ازاں معاملہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد پولیس نے سلمان فاروق اور اویس ہاشمی کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔