Daily Roshni News

کیا آپ جانتے ہیں۔۔۔زمین میں دنیا کا سب سے گہرا سوراخ روس میں ہے

کیا آپ جانتے ہیں

زمین میں دنیا کا سب سے گہرا سوراخ روس میں ہے

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ زمین میں دنیا کا سب سے گہرا سوراخ روس میں ہے )زمین میں دنیا کا سب سے گہرا سوراخ روس میں ہے جسے “کولا سپر ڈیپ بور ہول “کہا جاتا ہے۔ یہ ناروے کی سرحد کے قریب روسی علاقے مور مانسک میں واقع ہے۔کولا سپر ڈیپ بورہول کی گہرائی تقریباً ساڑھے سات میل یعنی سوا بارہ کلومیٹر کے لگ بھگ ہے۔ زمین کے اندر اتنی گہرائی تک پہنچنے میں سائنس دانوں اور انجینئرز کو 20 سال کا عرصہ لگا، کیوں کہ اس مقام پر زمین کے نیچے کی تہیں چٹانی تھیں، جن میں سوراخ کرنا آسان نہیں تھا۔

یہ ایک خالص سائنسی پراجیکٹ تھا جس میں سائنس دان یہ جانا چاہتے تھے کہ زمین کے اندر کی ساخت کیسی ہے تا کہ یہ اندازہ لگایا جا سکے کہ ایک جلتا ہوا گولا جانداروں کے رہنے کے قابل ایک سیارہ کیسے بنا۔سائنس دان تقریباً 9 میل نیچے جا کر چٹانوں کے نمونے اکھٹے کرنا چاہتے تھے لیکن جب ڈرل مشین کا نوکیلا برما ساڑھے سات میل کی گہرائی میں واقع چٹان سے ٹکرایا تو انجینئر کو محسوس ہوا کہ اب مزید نیچے جانا ممکن نہیں رہا۔ اس گہرائی میں موجود چٹانیں تقریباً پونے تین ارب سال پہلے کی حالت میں تھیں۔

  اس مقام کا درجہ حرارت 356 ڈگری فارن ہائیٹ تھا جو سائنس دانوں کے اندازے سے تقریباً دگنا تھا۔ اتنے زیادہ درجہ حرارت پر مزید کھدائی کرنا اس لیے بھی ممکن نہیں رہا تھا کہ اسٹیل کے پائپ اور برمے کی نوک ٹیڑھی ہونا شروع ہو گئی تھی ۔ صرف یہی نہیں، بلکہ اس درجہ حرارت پر زیر زمین چٹانیں بھی چٹان جیسی نہیں رہی تھیں بلکہ پراجیکٹ کے سائنس دانوں کے بقول اُن کا طرز عمل پلاسٹک جیسا ہو گیا تھا۔

اگر چہ یہ سوراخ مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے لیکن اس کے اندر سے چیخوں جیسی خوف ناک آوازوں کی وجہ سے یہ جگہ سیاحت کا ایک مرکز بن گئی ہے۔ان آوازوں سے متعلق علاقے میں طرح طرح کی کہانیاں مشہور ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ سوراخ زمین سے دوزخ میں جانے کا راستہ ہے۔

تا ہم سوراخ کا دہانہ صرف نو انچ ہے۔ اگر اسے سیل نہ بھی کیا گیا ہوتا تو بھی یہ ناممکنات میں سے ہے کہ کوئی شخص اس کے اندر گر سکے۔

Loading