Daily Roshni News

کیا محمدعامر انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آرہے ہیں؟ فاسٹ بولر نے واضح طور پر بتادیا

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر  محمد عامر  نے انٹرنیشنل کرکٹ میں   واپسی کے حوالے سے   واضح   جواب  دے دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں محمد عامر کا کہنا تھا کہ دو تین روز سے یہ سن رہا ہوں کہ محمد عامر کم بیک کر رہے ہیں اور ریٹائرمنٹ واپس لے رہے ہیں۔

محمد عامر نے واضح کیا کہ میری کسی سے کم بیک یا ریٹائرمنٹ  واپس لینے کے حوالے سے بات نہیں ہوئی نہ میرا کوئی پلان ہے، میں نے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے جو فیصلہ کیا تھا وہ اب ڈن ہے، میرے فینز کہتے ہیں کہ میں واپس آجاؤں لیکن اب پاکستان کرکٹ کو آگے بھی بڑھنا ہے۔

محمد عامر کا کہنا تھا کہ ٹیم میں نوجوان کھلاڑی ہیں، نوجوان کھیلیں گے تو دو تین سال میں ایک اچھی ٹیم بنےگی، امید ہےکہ ورلڈکپ کے لیے ٹیم اچھی طرح تیار ہوگی، ایشیا کپ کا فائنل کھیلے ہیں، ورلڈکپ کا بھی فائنل کھیلیں اور جیتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کے بارے میں خبریں آ رہی ہیں کہ وہ چیف سلیکٹر بن رہے ہیں، انہیں اگر چیف سلیکٹر نہیں بھی بنایا جاتا اور وہ سلیکٹر بھی آتے ہیں تو یہ ایک اچھا فیصلہ ہوگا، سرفراز احمد موجودہ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلے ہوئے ہیں، اس کا فائدہ ہوسکتا ہے، سرفراز احمد ایماندار اور صاف دل کے انسان ہیں، ایسے لوگوں کا پاکستان کرکٹ کو فائدہ ہوسکتا ہے۔

محمد عامرکا کہنا تھا کہ کرکٹ امور چلانے کے لیے اچھےکرکٹرز ہونے چاہئیں، کئی کرکٹرز آئے لیکن وہ بیڑہ غرق کرکے چلےگئے، شعیب، عمرگل اور سہیل تنویرکو وائٹ بال کرکٹ میں استعمال کرنا چاہئیے، ان میں بڑی مہارت ہے، یونس خان کو بھی سسٹم میں لانا چاہئیے، وہ یس مین نہیں ہیں، مل بیٹھ کر پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے فیصلے کرنےکی ضرورت ہے۔

Loading